بلاول بھٹو زرداری 7 اپریل کو وطن واپس آرہے ہیں اعتزاز احسن

عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی دیکھ کر آئندہ 5سال کے لیے بھی اسے ہی منتخب کریں گے، اعتزاز احسن

بلاول کا پوچھنے والے مونس الہیٰ اور حمزہ شہباز کے بارے میں بات کیوں نہیں کرتے، اعتزاز احسن۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پارٹی کی انتخابی مہم بلاول بھٹو زرداری ہی چلائیں گے اس کے لئے وہ 7 اپریل کو وطن واپس آرہے ہیں۔


لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزازاحسن نے کہا کہ عوام پیپلز پارٹی کی کارکردگی دیکھ کر آئندہ 5سال کے لیے بھی اسے ہی منتخب کریں گے اور پیپلز پارٹی وفاق کے ساتھ پنجاب میں بھی حکومت بنائے گی،ایران گیس پائپ لائن منصوبہ اور بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام حکومت کے بہترین کام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے صدرآصف زرداری سے اختلاف کی باتیں درست نہیں وہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے بیرون ملک گئے ہیں۔

اعتزازاحسن نے کہا کہ صدر پرویز مشرف کو لال مسجد ، اکبربگٹی اور بےنظیربھٹو کے قاتلوں کا حساب دینا ہو گا اور انہیں ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کرلینا چاہیے تھا،پرویز مشرف کو جوتا مارنے والے خود اپنی توہین نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز بھگوڑے ہیں وہ تو اپنی ساس کی رسم قل پر بھی وطن نہیں آئے۔
Load Next Story