ایم کیو ایم پاکستان کے اختلافات میں مزید شدت آگئی

فاروق ستارچھٹی بار بہادرآباد جانے کے اعلان سے پیچھے ہٹ گئے، دونوں گروپوں کی مشاورت


نعیم خانزادہ February 20, 2018
بہادرآباد گروپ نے کامران ٹیسوری کو فارغ کرنے کیلیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دیدی۔ فوٹو: فائل فوٹو: فائل

ایم کیوایم پاکستان میں اختلافات میں مزید شدت آگئی جبکہ فاروق ستارایک بار پھر بہادرآباد جانے کے اعلان سے پیچھے ہٹ گئے۔

ایم کیوایم پاکستان پر کنٹرول کے لیے دونوں گروپوں نے ایڑی چو ڑی کا زور لگادیا ہے تاہم ذرائع کا کہناہے کہ آئندہ دنوں میں یہ معاملہ عدالت تک پہنچنے کا امکان ہے جس کیلیے دونوں جانب سے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ بہادرآباد گروپ نے بیرسٹرفروغ نسیم کی خدمات حاصل کررکھی ہیں جبکہ پی آئی بی گروپ نے بابرستار کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔ دوسری جانب سے سینیٹ کیلیے بہادر آبادگروپ نے5امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست مرتب کرلی ہے۔

بہادر آباد گروپ نے فاروق ستار کی جانب سے دیے گئے ناموں سب سے اہم کامران ٹیسوری سمیت دیگر کو سینیٹ الیکشن سے فارغ کرنے کے لیے ریٹرننگ افسر کو درخواست دے دی ہے جو الیکشن کمیشن بھجوادی گئی ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا فیصلہ آتاہے۔

ذرائع نے بتایاکہ دونوں گروپ میں دوریاں انتہائی حد تک بڑھ گئی ہیں۔ فاروق ستارنے انٹر اپارٹی الیکشن میں اعلان کیا تھاکہ کارکنان کی تین تہائی اکثریت کے ساتھ پیر کو بہادرآباد جاؤںگا لیکن بہادرآباد گروپ کی جانب سے انتہائی سخت موقف سامنے آنے پر انھوں نے بہادرآباد جانے کا ارادہ چھٹی بار ملتوی کردیا۔

فاروق ستارکے لیے سینئر رہنما عامر خان نے کہاکہ فا روق ستار آئے تو ہم ان کو چائے پلا کر روانہ کردیں گے جبکہ میئرکراچی وسیم اختر نے کہاکہ مہمان نوازی کریں گے۔

انتہائی قابل اعتماد ذرائع نے بتایاکہ فاروق ستار عامر خان، فیصل سبزواری سمیت بہادر آباد کیمپ میں موجود بعض رہنماؤں کے ساتھ کام کرنے کیلیے کسی صورت تیار نہیں اور وہ کامران ٹیسوری سے بھی کسی صورت دست بردار ہونے کے لیے تیار نہیں جبکہ بہادر آباد گروپ اپنے موقف پر ڈٹا ہواہے کہ کسی ایک شخص کا فرمائشی پروگرام نہیں چلے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |