جیسی رائیڈر کوما سے باہر آگئےوینٹی لیٹر ہٹا دیا گیا

باتیں کرنا شروع، دماغی چوٹ سے یاداشت متاثر،واقعے کے بارے میں کچھ یاد نہیں.

باتیں کرنا شروع، دماغی چوٹ سے یاداشت متاثر،واقعے کے بارے میں کچھ یاد نہیں. فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ کے بیٹسمین جیسی رائیڈر کوما کی کیفیت سے باہر آگئے،وینٹی لیٹربھی ہٹا دیا گیا ہے،انھوں نے باتیں کرنا شروع کردیں، دماغی چوٹ سے یاداشت متاثر ہوئی ہے، واقعے کے بارے میں کچھ بھی یاد نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق چند روز قبل کرائسٹ چرچ میں دو حملوں کے دوران شدید زخمی ہونے والے جیسی رائیڈر کی حالت میں بہتری آرہی ہے، وہ اب کوما جیسی کیفیت سے باہر آچکے جبکہ باتیں کرنا بھی شروع کردی ہیں۔ ان کے منیجر ایرون کلے کا کہنا ہے کہ بیٹسمین کا وینٹی لیٹر ہٹا دیا گیا اور اب وہ خود سانس لینے لگے البتہ ابھی تک کوما کے اثرات موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جیسی نے ہم سے باتیں کیں اور ہم ان کی تیزی سے بہتر ہوتی کنڈیشن پرکافی خوش ہیں۔




انھیں مکمل فٹ ہونے میں کافی وقت لگے گا مگر حالت میں تیزی سے بہتری ایک مثبت علامت ہے۔ ایرون کلے نے انکشاف کیا کہ سر پر چوٹ سے جہاں کھوپڑی میں فریکچر ہوا وہیں جیسی کی یاداشت پر بھی اثر پڑا ہے، انھیں اس واقعے کے بارے میں کچھ بھی یاد نہیں جس نے انھیں اسپتال پہنچایا، ان کے ذہن میں آخری یاد بدھ کے روز کھیلے گئے ون ڈے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں اپنے صفر پر آؤٹ ہونے کی ہے، اسی رات جوکچھ ہوا وہ بتانے سے قاصر ہیں۔ ایرون کلے نے کہا کہ یہ کوئی فلمی اسٹوری نہیں ہے جس میں کوئی اچانک ہوش میں آ کر سب سے گلے ملنا شروع کردیتا ہے، اس میں ابھی وقت لگے گا، جیسی خود اپنی حالت پر حیران اور گھبرائے ہوئے ہیں۔

وہ خود کو پہچانتے اور انھیں ماضی کی باتیں سب معلوم ہیں،مگر درمیان کے 24 گھنٹے غائب ہوچکے ہیں، وہ اب بھی پھیپھڑے کی سنجیدہ نوعیت کی انجریز میں مبتلا اور ڈاکٹر ان کے بارے میں مکمل احتیاط برت رہے ہیں لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ وہ اب بغیر کسی سپورٹ کے خود ہی سانس لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ پولیس نے اس واقعے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا جن میں سے ایک 20 سالہ شخص کرائسٹ چرچ کا رہائشی ہے،37 سالہ شخص کہیں باہر سے یہاں آیا ہوا تھا، دونوں کو جمعرات کے روز کرائسٹ چرچ ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔
Load Next Story