وزیراعلیٰ کی زیرصدارت گورننگ باڈی گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس

اجلاس میں جی ڈی اے کے 17-2016ء کے ترمیمی بجٹ جب کہ 18-2017 ء کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی


ویب ڈیسک February 21, 2018
وفاقی حکومت نے گوادر کے مسائل کے حل کیلیے عملی طور کچھ نہیں کیا،وزیر اعلیٰ بلوچستان۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گورننگ باڈی گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں 18-2017 ء کے سالانہ بجٹ کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت گورننگ باڈی گوادر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گورننگ باڈی کے اراکین رکن قومی اسمبلی، رکن صوبائی اسمبلی ، صوبائی مشیر، چیف سیکریری بلوچستان،ایڈیشنل چیف سیکریٹری، سیکریٹری خزانہ اور چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر اجلاس میں شریک تھے جب کہ وزیر اعلیٰ کو اجلاس کے ایجنڈے میں شامل مختلف نکات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں گوادر کے ترقیاتی ادارے کو درپیش مسائل کے فوری حل اور اس کی کارکردگی کومزید بہتر بنانے سے متعلق کئی فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں جی ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 500 ملین روپے ، گوادر بزنس پلان کے جاری منصوبوں کی برج فائنانسنگ کے لئے 500 ملین روپے کے علاوہ جی ڈی اے کے 17-2016ء کے ترمیمی بجٹ جب کہ 18-2017 ء کے سالانہ بجٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وفاقی حکومت گوادر پورٹ کی ترقی کے لئے تو فنڈز فراہم کررہی ہے لیکن گوادر ٹاؤن اور مقامی آبادی کے مسائل کے حل کے لئے اعلانات تو کئے جاتے رہے ہیں تاہم عملی طور پر اب تک کچھ نہیں کیا گیا۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی بھی ضروری ہے لیکن گوادر شہر کے مسائل کے حل اور مقامی لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بغیر گوادر کی مجموعی ترقی ممکن نہیں ہوگی کیوں کہ ماضی میں گوادر کے مقامی لوگوں کے بنیادی مسائل کے حل اورانہیں روزگار کی فراہمی کے علاوہ گوادر شہر کی خوبصورتی اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق سہولیات کی فراہمی کی جانب خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |