فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق 2 سٹی وارڈنز سپرد خاک

ویجلنس آفیسرعباس خان اورسجادکے جنازے میں سٹی وارڈنزکی بڑی تعداد شریک.

سجاد علی / عباس خان ۔ فوٹو : ایکسپریس

ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے سٹی وارڈنز کوسپرد خاک کردیا گیا ۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی، تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر تھانے کی حدود میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے پہاڑ گنج کے رہائشی سٹی وارڈن کے ویجلنس آفیسر محمد عباس خان ولد نیاز خان کی نماز جنازہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایس میں واقع جامع مسجد عثمان غنی میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں مقتول کے اہلخانہ ، عزیز و اقارب اورعلاقہ مکین کے علاوہ ڈائریکٹر تحسین الرحمٰن ، ڈپٹی ڈائریکٹر حارث ضیا سمیت سٹی وارڈن کے اہلکاروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔

نماز جنازہ کے بعد مقتول کی میت سخی حسن قبرستان لے جائی گئی جہاں مقتول کو سپرد خاک کردیا گیا ، فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے دوسرے سٹی وارڈن سجاد علی ولد عمر فاروق کی نماز جنازہ اورنگی ٹائون قصبہ موڑ پر واقع دارالحمد مسجد کے قریب گرائونڈ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ کے بعد مقتول کو عزیز آباد کے علاقے یاسین آباد شہدا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ،مقتول سٹی وارڈن عباس خان سٹی وارڈن کے قیام سے ہی اپنی خدمات انجام دے رہا تھا ۔




ویجیلنس آفیسر کے عہدے پر تعینات تھا ، محمد عباس خان کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی، 6 ماہ کی بیٹی ہے،دوسرے مقتول سٹی وارڈن سجاد علی کی 2 ماہ بعد شادی ہونی تھی ،ادھر پاپوش نگر پولیس نے سٹی وارڈنز کے قتل کا مقدمہ مقتول عباس کے بھائی محمد یعقوب کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش شروع کردی ، پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے،پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں جنھیں فارنسک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ۔

واضح رہے کہ جمعہ کو پاپوش نگر تھانے کی حدود میں میٹرک بورڈ آفس کے قریب پمپنگ اسٹیشن کے سامنے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے 3 سٹی وارڈن محمد عباس خان ، سجاد علی اور شہزاد کو زخمی کردیا تھا جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا تھا کہ جہاں زخمی سٹی وارڈن محمد عباس اور سجاد علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گئے تھے جبکہ تیسرے سٹی وارڈن شہزاد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
Load Next Story