پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کا سفر

پاکستان سپر لیگ نے محض تین برسوں میں اپنی منفرد شناخت قائم کرلی


Abdul Aziz February 21, 2018
پاکستان نے ملکی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کودنیا بھرکے کرکٹرز کیلئے دلچسپی کا سامان بنادیا ہے فوٹو : فائل

BERLIN: تیزی سے عالمی سطح پر مقبول ہونے والے کرکٹ فارمیٹ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان سپر لیگ نے محض تین برسوں میں اپنی منفرد شناخت قائم کرلی، 2016 میں شروع کی جانے والی پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن شروع ہونے جارہا ہے، اس کے دو ابتدائی ایڈیشنز کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بھارت کے بعد پاکستان نے ملکی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کودنیا بھرکے کرکٹرز کیلئے دلچسپی کا سامان بنادیا ہے اس کا ابتدائی ایڈیشن اگرچہ مکمل طورپر یواے ای میں منعقد ہوا لیکن دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں منعقد ہوچکا ہے اور اس بار دو پلے آف میچزکی میزبانی لاہورکے قذافی اسٹیڈیم کو سونپی گئی ہے جبکہ فیصلہ کن معرکہ کراچی میں شیڈول کیاگیا ہے۔

ابتدائی دونوں ایڈیشنز میں پانچ، پانچ فرنچائز ٹیموں نے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، پہلا ایڈیشن 4 سے 23 فروری 2016 تک منعقد ہوا، جس کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹ سے شکست دیکر اولین چیمپئن بننے کا اعزاز پایا، اس مقابلے میں ویسٹ انڈین اسٹار ڈیوائن اسمتھ کو 51 بالز پر 73کی اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا تھا، کراچی کنگز کے روی بوپارا ایونٹ کے بہترین پلیئر کی ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

2016 میں ابتدائی ایڈیشن میں مجموعی طور پر 24 میچز کھیلے گئے، لاہور قلندر میں شامل رہنے والے عمر اکمل نے 335رنز بناکر ٹاپ اسکورر کا اعزاز پایا جبکہ سب سے زیادہ وکٹیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آندرے رسل نے اڑائیں، انھوں نے 16 شکار کیے، ہر فرنچائز کو اسکواڈ میں زیادہ سے زیادہ 20 پلیئرز شامل رکھنے کی اجازت دی گئی، جس میں ہر ٹیم کو 6 غیرملکی کرکٹرز شامل کرنے کا حق ملا تھا، ایونٹ کے میچز شارجہ اور دبئی میں منعقد ہوئے۔

پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 1رن سے مات دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، لواسکورنگ مقابلے میں کوئٹہ نے پہلے کھیل کر 19.3 اوورز میں تمام وکٹیں کھوکر133رنز جوڑے، انگلش اسٹار کیون پیٹرسن 53رنز بناکر نمایاں رہے، وہاب ریاض نے 17رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، زلمی نے جوابی اننگز میں مقررہ اوورز میں 9وکٹ پر 132رنز بنائے، ڈیرن سیمی 38رنز بناکر نمایاں رہے، انگلش بولر گرانٹ ایلوئیٹ نے 3وکٹوں کیلئے 19رنز دیے، ایلیمنٹیر میں کراچی کنگز کا قصہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں تمام ہوگیا، کنگز نے پہلے کھیل کر 9وکٹ پر 111رنز اسکور کیے، محمد سمیع نے8 رنز کے عوض 5 وکٹوں کا سودا کیا، یونائیٹڈ نے ہدف 14.2 اوورز میں ایک وکٹ پر حاصل کرکے یکطرفہ مقابلہ 9وکٹ سے جیت لیا، آسٹریلوی اسٹار بریڈ ہیڈن نے 52 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، سہیل خان کو ایک وکٹ ملی۔

دوسرے کوالیفائر میں پشاور زلمی کا پتہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کاٹ دیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیل کر 3وکٹ پر 176رنز بنائے، شرجیل خان نے 62 گیندوں پر 117رنز بٹورے، شان ٹیٹ نے 34رنز دیکر2 وکٹیں لیں، جواب میں زلمی کی ٹیم 126 رنز پر ہمت ہارنے کے بعد 50 رنز سے ناکام ہوگئی، کامران اکمل نے 45رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی، عمران خالد نے اسلام آباد کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ، انھوں نے 20رنز کے عوض 4و کٹیں اپنے نام کیں۔فیصلہ کن معرکے میں کوئٹہ کی ٹیم کو مصباح الحق کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے 6وکٹ سے مات دے دی، ناکام سائیڈ نے مقررہ اوورز میں 7وکٹ کھوکر174رنز جوڑے، احمد شہزاد 38 بالز پر 64رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، ویسٹ انڈین بولر آندرے رسل نے 36رنز کے عوض 3 شکار کیے، یونائیٹڈ نے ہدف 18.4 اوورز میں4وکٹ کھوکر حاصل کرلیا، ڈیوائن اسمتھ کو 51 بالز پر 73رنز جوڑنے پر فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا، کیوی آل راؤنڈر ناتھن میک کولم نے 25رنز دیکر ایک کھلاڑی کو پویلین چلتا کیا۔

2017میں لیگ کا دوسرا ایڈیشن 9 فروری سے 5مارچ تک منعقد ہوا،اکتوبر2016 میں پلیئرز ڈرافٹ کے موقع پر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس ایونٹ کا فائنل لاہور میں منعقد کرانے کا اعلان کیا، جس پر کئی غیرملکی پلیئرز نے لاہور میں آکر فائنل کھیلنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا، جس کے پیش نظر فروری میں فرنچائز کو متبادل غیرملکی پلیئرز لینے کی سہولت فراہم کی گئی، پلے آف مرحلے میں ریفرل سسٹم کو استعمال کیاگیا، دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ایلمینیٹر مرحلے میں ناکام ہوگئی، اس بار بھی ایونٹ میں شریک پانچ ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 24 مقابلے ہوئے، پشاور زلمی کے کامران اکمل کو ایونٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا، انھوں نے 353رنز بناکر ایونٹ کے ٹاپ اسکورر کا ایوارڈ بھی قبضے میں کیا، کراچی کنگز سے تعلق رکھنے والے سہیل خان کو 16وکٹیں اڑانے پر ایونٹ کا ٹاپ بولر گرداناگیا۔

راؤنڈ میچز کی تکمیل پر چار ٹیموں پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی، جس میں پہلے کوالیفائر میں کوئٹہ نے پشاور زلمی کو 1 رن سے مات دیکر براہ راست فائنل میں قدم رکھ دیے، اس مقابلے میں فاتح الیون کیلئے احمد شہزاد نے 38 گیندوں پر 71رنز بٹورے، پشاور کیلئے وہاب ریاض 40رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر نمایاں رہے۔

201 رنز کا تعاقب کرنے والی زلمی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر 199رنز بناپائی، حفیظ نے 47گیندوں پر 77رنز اسکورکیے، کوئٹہ کیلئے محمد نواز نے 3 شکار کیے، ایلیمنیٹر میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا قصہ 44رنز سے تمام کردیا، دوسرے کوالیفائر میں پشاور زلمی کا ٹاکرا کراچی کنگز سے ہوا، تاہم اس مقابلے میں زلمی نے کنگز کو 24رنز سے مات دیکر دوبارہ کوئٹہ کے خلاف فائنل میں جگہ بنالی، لاہور میں منعقدہ فائنل میں پشاور زلمی نے کوئٹہ سے پہلے کوالیفائر میں شکست کا حساب چکتا کرتے ہوئے ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں پشاور کی ٹیم 58رنز سے کامیاب رہی، فاتح سائیڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ پر 148رنز جوڑے، کوئٹہ کی ٹیم 16.3 اوورز میں 90رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔