وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے والے کسی پیر سے تعبیر معلوم کریں چوہدری شجاعت
مسلم لیگ ( ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ انتخابات میں اچھے نتیجے حاصل کرنے والا ہی بڑی سیٹ کا حقدار ہوگا، وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے والے کسی پیر سے تعبیر معلوم کریں۔
لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شجاعت نے کہا کہ پنجاب میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے انتظامیہ کی تبدیلی ضروری ہے، موجودہ انتظامیہ کو (ن) لیگ کےامیدواروں کو منتخب کرانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے، نگراں وزیراعلیٰ نے انتظامیہ میں تقرریوں اور تبدیلیوں کے لئے الیکشن کمیشن سےاختیارات لے لیے ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے گجرات کی نشست پربات نہیں کی، پیپلزپارٹی کےساتھ تمام نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی، گجرات ہماری آبائی نشست ہے،اسی نشست پر 5 مرتبہ منتخب ہوئے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اب تک اپنے امیدواروں کا اعلان بھی نہیں کرسکی، انہوں نے ایک نشست پر 4،4 امیدواروں کو یقین دہانیاں کرارکھی تھیں۔ ہم خیال والے یاد رکھیں جیسا کریں گے ویسا بھریں گے۔