امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کہتے ہیں کہ عوام انتخابات میں موجودہ حکمران کو ووٹ نہ دیں اگر وہ دوبارہ کامیاب ہوگئے تو مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔
شباب ملی کراچی کے زیر اہتمام یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں لوٹ کھسوٹ کا راج ہے، حکمران دہشتگردوں کو پال رہے ہیں، لٹیرے حکمرانوں نے غریبوں کے منہ کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے، گزشتہ 5 سال سے اقتدار کے مزے لینے والے اب نئی جماعتوں میں شامل ہورہے ہیں تاکہ وہ ایک بار پھر کرپشن کا بازار گرم کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو چاہیئے کہ وہ لوٹ کھسوٹ کرنے والوں کے چہرے بے نقاب کرے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ملک کی خوشحالی اور خوشحالی کے لئے وسائل کی منصفانہ تقسیم بہت ضروری ہے، ایسا صرف بے داغ اور باکردار قیادت ہی کرسکتی ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ عوام کرپٹ سیاستدانوں کو ووٹ نہ دیں۔