پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے پر کپل شرما کو شدید تنقید کا سامنا

فنکاروں کی بیرون ملک ایونٹس میں شرکت عام بات ہے لیکن پاکستانی ٹیم کو کیوں بڑھاوا دیا جارہا ہے، بھارتی میڈیا کا سوال


زنیرہ ضیاء February 23, 2018
کپل شرما کی پاکستان اورپی ایس ایل3 سے محبت جرم بن گئی؛ فوٹوٹویٹر

بالی ووڈ کے نامور مزاحیہ اداکار کپل شرما کا پاکستان اور پاکستانیوں سے لگاؤ ڈھکا چھپا نہیں وہ اکثر موقعوں پر اس کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں لیکن اب یہی لگاؤ ان کیلئے جرم بن گیا ہے اور بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے ساتھ ساتھ متعصب میڈیا بھی ان کی حب الوطنی پر سوالیہ نشان اٹھارہا ہے۔

دبئی میں جاری پی ایس ایل 3 کے رنگارنگ اور گلیمر سے بھرپور شاندار ایونٹ کی چکاچوند نے پاکستان سمیت بھارت کو بھی دیوانہ بنادیا ہے۔ پاک بھارت سرحد پر کشیدگی کے باوجود بھارتی فنکار خود کو پی ایس ایل میں شرکت کرنے سے روک نہیں پارہے ہیں تاہم بھارتی فنکاروں کی پی ایس ایل کیلئے دیوانگی بھارت اور بھارتی میڈیا کو ایک آنکھ نہیں بھارہی ہے۔



بھارتی ٹی وی کے مزاحیہ اداکار کپل شرما پاکستان سے بے انتہا محبت اور دل سے عزت کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ پی ایس ایل 3 میں پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے جب کپل کو اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کیلئے مدعو کیا تو کپل انکار نہ کرسکےاور پاکستان سے محبت کی وجہ سے وہ پی ایس ایل 3 میں شرکت کرنے اور پشاور زلمی کو پرموٹ کرنے کیلئے ان دنوں دبئی میں موجود ہیں، لیکن کپل شرما کی پی ایس ایل 3 میں شرکت بھارتی میڈیا کو سخت ناگوار گزررہی ہے یہاں تک کہ انہوں نے کپل کی حب الوطنی پر بھی سوالیہ نشان اٹھادئیے ہیں۔



ایک بھارتی ویب سائٹ نے کپل کی دبئی میں شرکت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا ''ہمارے بھارتی جوان سرحد کی حفاظت کرنے کیلئے دن رات جاگتے ہیں تاکہ ہماری قوم چین سے اپنے گھروں میں سو سکےلیکن المیہ یہ ہے کہ کپل ہماری سرحدوں پر کشیدگی پھیلانے والے پاکستان اور پاکستانی ایونٹ پی ایس ایل3 کو سپورٹ کررہے ہیں۔ کیا کپل کے ارد گرد موجود لوگوں نےانہیں نصیحت نہیں کی۔ فنکاروں کی بیرون ملک جاکر مختلف ایونٹ میں شرکت کرنا عام بات ہے لیکن پاکستانی ٹیم کو کیوں بڑھاوا دیا جارہا ہے۔ ''

ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے کپل کی پی ایس ایل میں شرکت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''کپل چند پیسوں کیلئے اپنے ملک کی عزت سے کھیل رہے ہیں، جب کہ بھارتی آرمی کا کہنا ہے کہ کپل نے اپنے ملک کی بےعزتی کی ہے۔ بھارتی سیاستدان راج ٹھاکرے کی جماعت کے ترجمان نے کپل کی پی ایس ایل3 میں شرکت اور پرفارمنس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکپل کو شرم آنی چاہئے، ہم کپل کا کوئی شو نہیں دیکھیں گے اور دوسروں سے بھی درخواست کریں گے کہ کپل کا کوئی شو نہ دیکھیں۔



دوسری جانب کپل شرما پی ایس ایل3 میں شرکت کرنے پر بے انتہا خوش ہیں اور پشاور زلمی کو دل سے سپورٹ کررہے ہیں۔ جب کہ چند شرپسند اور ہندو انتہاپسندوں کی مخالفت کے باوجود گزشتہ روز اداکار انیل کپور کے چھوٹے بھائی سنجے کپور بھی پی ایس ایل 3 کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے اور پی ایس ایل کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور زلمی کی ٹیم کی سپورٹ میں یہاں آئے ہیں۔



واضح رہے کہ آئی پی ایل(انڈین پریمیئرلیگ)میں پاکستانی فنکاروں کی عدم شرکت اور کھلاڑیوں کو نہ لیے جانے پر دنیا بھر میں آئی پی ایل کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے جب کہ پی ایس ایل 3 میں بھارتی فنکاروں کو مدعو کرکے انتظامیہ نے ثابت کردیا کہ فنکاروں کی آپس میں محبت چند بھارتی انتہا پسندوں کی نفرت سے کہیں اوپر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |