مائنس نواز کے فارمولے پر کام کرنے والے ناکام ہوں گے رانا ثنا اللہ

آئین سپریم کورٹ سے سپریم ہے اور سپریم کورٹ ایک آئینی ادارہ ہے، وزیر قانون پنجاب


ویب ڈیسک February 23, 2018
آئین سپریم کورٹ سے سپریم ہے اور سپریم کورٹ ایک آئینی ادارہ ہے، وزیر قانون پنجاب۔ فوٹو : فائل

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ مائنس نواز کے فارمولے پر کام کرنے والے 2018 میں ناکام ہوں گے جب کہ نواز شریف پلس ہیں اور پلس ہی رہیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آئین پارلیمنٹ کی تخلیق ہے، پارلیمنٹ کو آئین نے تخلیق نہیں کیا۔ آئین سپریم کورٹ سے بھی سپریم ہے اور سپریم کورٹ ایک آئینی ادارہ ہے، آئین میں دیے گئے حقوق کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وہ کونسا جرم کیا ہے، جس کی بنیاد پر ان کو بطور ایک سیاسی جماعت کے صدر کے فیصلوں کو تحفظ نہیں دیا گیا، ان فیصلوں سے پوری قوم صدمے میں ہے، نواز شریف کو ایسے فیصلوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں اور فیصلوں کا احترام کرتے ہیں جب کہ مائنس نواز کے فارمولے پر کام کرنے والے 2018 میں ناکام ہوں گے، نواز شریف پلس ہیں اور پلس ہی رہیں گے۔

وزیر قانون پنجاب کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کی گرفتاری نیب نے جس انداز سے کی ہے وہ انتہائی قابل اعتراض ہے، نیب قانون کے مطابق پہلے انکوائری کی جاتی ہے اور ثبوت آنے کے بعد اس کو بورڈ میں پیش کیا جاتا ہے، جس کے بعد ریفرنس دائر کیا جاتا ہے، عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ہی کسی کو گرفتار کیاجاتا ہے۔ احد چیمہ کو پیش نہ ہونے پر گرفتار کیا گیا، اس وقت پنجاب میں تمام آفیسرز نے پنجاب حکومت کو وارننگ دی ہے کہ ایسی صورتحال میں کام نہیں کر سکتے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ میرٹ اور شفافیت کو ترجیح دی ہے، پنجاب حکومت کسی بھی کرپٹ افسر کی حمایت نہیں کرتی تاہم کیا نیب لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اور تذلیل کرنے کے لیے ہے، اس معاملے کو وفاقی حکومت اور چیرمین نیب کے نوٹس میں لا رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں