پی ایس ایل تھری کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دیدی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بناسکی

اگر ٹاس جیت جاتے تو بھی بولنگ ہی کرتے، سرفراز احمد۔ فوٹو : پی ایس ایل

کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دیدی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ تھری کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دیدی، کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم صرف 130 رنز ہی بناسکی۔

کراچی کنگز کے 149 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اسد شفیق اور شین واٹسن نے کیا تاہم 4 کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز پویلین واپس لوٹ گئے، کیون پیٹرسن بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد ریلی روسو 18 رنز بناکر عماد وسیم کا شکار بنے۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جنہیں شاہد آفریدی نے ایل بی ڈبلیو کیا، 70 رنز کے مجموعی اسکور پر عمر امین 31 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد نواز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑہایا تاہم وہ 30 رنز بناکر 113 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے جب کہ حسن علی نے 17 رنز بنائے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز ہی بناسکی۔


اس سے قبل کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز جو ڈینلی اور خرم منظور نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور جو ڈینلی 34 کے مجموعی اسکور پر 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور صرف 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ خرم منظور 35 رنز بنانے کے بعد 83 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

83 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد روی بوپارہ اور انگرام نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 48 رنز کی شراکت قائم کی تاہم بوپارہ 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ انگرام نے 21 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور 131 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے، عماد وسیم نے 2 اور شاہد آفریدی نے صرف 4 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پی ایس ایل تھری؛ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

واضح رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں پی ایس ایل تھری کا رنگا رنگ آغاز ہوا تھا جس کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو شکست دے دی تھی۔
Load Next Story