امریکا کا اسرائیل کے یومِ تاسیس پرالقدس میں سفارتخانہ کھولنے کا اعلان

سفارت خانے کی افتتاحی تقریب رواں سال 14 مئی کو اسرائیل کے 70ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہوگی

ابتدائی طور پر سفارتخانے کی منتقلی علامتی ہوگی،فوٹو:فائل

ٹرمپ انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کا سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس میں رواں سال مئی میں اسرائیل کے یومِ تاسیس کے موقع پر کھول دیا جائے گا۔

فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن نے اسرائیل میں امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے القدس منتقلی کے منصوبے پر دستخط کردیے ہیں۔ اس سیکورٹی پلان کو خفیہ رکھا گیا ہے اورحکام کو اس پر عوامی سطح پر بحث کرنے سے منع کیا گیا ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں: ٹرمپ کا امریکی سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سفارت خانے کی افتتاحی تقریب رواں سال 14 مئی کو اسرائیل کے 70ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہوگی اور اس دن کا انتخاب اسرائیل کی آزادی کے اعزاز میں کیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر سفارت خانے کی منتقلی علامتی ہوگی اور بتدریج اس عمل کو مکمل کیا جائے گا۔آغاز میں نئے سفارت خانے کا عملہ چند افراد پر مشتمل ہوگا جب کہ تل ابیب میں واقع سفارت خانہ بھی معمول کے مطابق فعال رہے گا۔
Load Next Story