شاہد آفریدی کی آمد پر اسٹیڈیم ’ بوم بوم ‘ سے گونج اٹھا

شاہد آفریدی کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم امڈ آئی۔


عبدالرحمان رضا February 24, 2018
شائقین کی سوچ تبدیل، پرویزمشرف کی اسٹیڈیم آمد، گلیڈی ایٹررز اسٹینڈ میں براجمان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دوسرے دن کے ابتدائی میچ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے قومی اسٹار شاہد آفریدی جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے میچ میں بیٹنگ کیلیے گراؤنڈ میں آئے تو پورا اسٹیڈیم ' بوم بوم ' کے نعروں سے گونج اٹھا۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے دوسرے دن شاہد آفریدی کو ایکشن میں دیکھنے کیلیے شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم امڈ آئی، جہاں کھلاڑیوں نے ٹیمیں بدلیں وہاں شائقین کرکٹ نے بھی پسندیدہ ٹیموں کو بدل لیا، دوسرے دن کے ابتدائی میچ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے قومی اسٹار شاہد آفریدی جب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے میچ میں بیٹنگ کیلیے گراؤنڈ میں آئے تو پورا اسٹیڈیم ' بوم بوم ' کے نعروں سے گونج اٹھا۔

پچھلے سال شاہد آفریدی پشاور زلمی میں تھے تو دبئی میں مقیم پختون کمیونٹی بھی پشاور کے ساتھ تھی لیکن آفریدی کے جانے کے ساتھ ہی وہ بھی کراچی ٹیم کے پرستار بن گئے، اسی طرح شعیب ملک کے چاہنے والے ملتان سلطانز کو سپورٹ کررہے ہیں۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے میچ میں ہمیشہ اسٹیڈیم بھرا ھوتا تھا لیکن اس بار پہلے ہی میچ میں شائقین کی وہ تعداد نہیں تھی جو پہلے ہوتی تھی شاید اس کی وجہ آفریدی کا کراچی کنگز میں چلے جانا رہی۔

نمائندہ ایکسپریس نے تیسرے ایڈیشن میں فیورٹ ٹیموں کے حوالے سے جب شائقین سے استفسار کیا تو بہت سے لوگوں نے پہلی بار شریک ہونے والی ملتان سلطانز کو مضبوط ٹیم گردانا۔

اس کے علاوہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگزکے چاہنے والوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، تیسرے پی ایس ایل میں رونقیں بڑھانے کے لیے پاکستانی فلم اسٹار ، ڈرامہ ایکٹرز، سینئر صحافی و اینکر دبئی پہنچ چکے ہیں، وہیں سابق صدر پرویز مشرف بھی ہمیشہ کی طرح دبئی کرکٹ اسٹیڈیم آ پہنچے، وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹینڈز میں بیٹھے رہے، اس موقع پر تماشائیوں نے پرویز مشرف زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے اس موقع پر پرویز مشرف کو ٹیم کی ٹی شرٹ بھی پیش کی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں