پی ایس ایل فائنل کے لیے 3 مقامات سے شٹل سروس چلانے کا اعلان

مزار قائد، الٰہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کیلیے اقدامات کر رہے ہیں، وزیر بلدیات


Staff Reporter February 24, 2018
نیشنل اسٹیڈیم کے اندورنی اوربیرونی تزئین وآرائش کا کام 15مارچ تک مکمل ہوگا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وزیر بلدیات سندھ و کنونیئر شہری سہولیات کمیٹی برائے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے میگا ایوینٹ کو تاریخی ایونٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی جب کہ شائقین کرکٹ کیلیے مزار قائد، الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جام خان شورو نے گزشتہ روز نیشنل اسٹیڈیم میں شہری سہولیات کی فراہمی کی کمیٹی برائے فائنل پی ایس ایل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مئیر کراچی وسیم اختر، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، سیکریٹری بلدیات رمضان اعوان،ایڈیشنل سیکریٹری ٹرانسپورٹ، جنرل منیجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طلحہ فاروقی، چیئرمین ڈی ایم سی ایسٹ معید انور، ایم سی ایسٹ وسیم سومرو، اسپیشل سیکریٹری ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، ، ڈی ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان، این ایل سی کے کرنل شعیب ، ڈی سی ایسٹ افضال زیدی، ایس ایس پی ایسٹ کے علاوہ کے الیکٹرک، واٹر بورڈ کے افسران شریک ہوئے اجلاس میں 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں پر وزیر بلدیات کو بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر این ایل سی اور نیشنل اسٹیڈیم کی انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ کے اندرونی اور بیرونی حصے میں اب تک کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ تزئین و آرائش 15 مارچ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایات پر پی ایس ایل کے فائنل کے لیے بنائی جانے والی اس کمیٹی کا مقصد عوام کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنا ہے میگا ایوینٹ کو تاریخی ایونٹ بنانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی میچ سے قبل اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم کے باہر پانی، سیوریج، سڑکوں کی تیاری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی اور شائقین کے لیے اسٹیڈیم تک رسائی اور وہاں سے واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ شٹل سروسز سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں جام خان شورو نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے اندر ہی ایک اور گراؤنڈ بھی بنایا جارہا ہے جس کا کام بھی کم و بیش مکمل ہوگیا ہے اور وہاں اب گھاس لگنا باقی ہے کھلاڑیوں کی کراچی آمد، وہاں سے ہوٹل میں قیام اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک کے تمام راستوں کو خوبصورتی کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں جبکہ مزار قائد، الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کے لیے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں ہماری بھرپور کوشش ہے اس ایونٹ کو بھی برہانی برادری کے روحانی پیشوا سیدنا برہان الدین اور اسماعیلی روحانی پیشوا آغا خان کی کراچی آمد کو یادگار بنایا جائے۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ مئیر کراچی، ڈی ایم سیز، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، این ایل سی، کے الیکٹرک، واٹر بورڈ ، کمشنر و ڈپٹی کمشنرز ، پولیس اور دیگر تمام ادارے اس میگا ایوینٹ کی تیاریوں کے حوالے سے مکمل باہمی رابطوں میں ہیں انھوں نے کہا کہ اب سے میچ کے انعقاد تک ہر ہفتہ میں اس کمیٹی کے کم سے کم دو اجلاس منعقد ہوں گے جس میں کی جانے والی تیاریوں پر مکمل بریفنگ لی جائے گی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر جام خان شورو نے مئیر کراچی اور دیگر کے ہمراہ گراؤنڈ میں جاری کاموں کا جائزہ لیا اور بعد ازاں گراؤنڈ کے باہر بنائے جانے والے نئے گراؤنڈ، اطراف میں جاری ترقیاتی کاموں اور سڑکوں کا بھی دورہ کیا اور موقع پر ہی افسران کو ہدایات بھی جاری کی اور انہوں نے اس کی مکمل رپورٹ پیر تک طلب کرلی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں