اسپین میں فٹ بال میچ کے دوران شائقین کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار ہلاک

اسپین میں یورپین لیگ کے سنسنی خیز میچ کے دوران مشتعل شائقین نے پتھراؤ کرکے پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا

مشتعل شائقین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگا۔ فوٹو بشکریہ سی این این

اسپین میں ایتھلیٹک بلباؤ اور اسپارٹک موسکو کے درمیان سنسنی خیز میچ کے دوران مداح آپس میں لڑ پڑے، پولیس کی مداخلت پر مشتعل شائقین کے پتھراؤ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا۔


یورپین لیگ فٹبال میچ کے اہم میچ میں اسپارٹک موسکو نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایتھلیٹک بلباؤ کو دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی جس کے بعد دونوں ٹیموں کے مداحوں کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی تصادم کا رخ کر گئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا جس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس نے کشیدہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر اسٹیڈیم کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا۔



اسٹیڈیم سے باہر آتے ہی شائقین دوبارہ ایک دوسرے سے جھگڑ پڑے اور آزادانہ ڈنڈے اور لاٹھی کا استعمال کیا گیا جس سے اسٹیڈیم سے منسلک شاہراہ میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگی، شائقین کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی جس پر شائقین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کردیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔


مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والے پولیس اہلکار کی عمر 50 سال ہے جو سر پر بھاری پتھر لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگیا جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ دوران علاج ہی دم توڑ گیا، ہسپانوی وزیر اعظم ماریانا راجوئے نے افسوس ناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پُر تشدد شائقین کی گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔


خیال رہے کہ رواں سال جون کے مہینے میں فیفا ورلڈ کپ روس میں شروع ہونے جارہا ہے، فٹ بال کے دیوانوں کا جوش و خروش پورے عروج پر ہے دوسری جانب کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ نے بھی پورے انتظامات کر رکھے ہیں اور تصادم سے بچنے کے لیے ضابطہ اخلاق ترتیب دیا گیا ہے جس کی پاسداری نہ کرنے والے شائقین کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔

Load Next Story