اسنوکر کا کھیل آزادکشمیرمیں بھی مقبول ہونے لگا

کشمیری نوجوان آکاش رفیق نے قومی ایونٹس میں عمدہ صلاحیتوں سے سب کو متاثرکیا

کشمیری نوجوان آکاش رفیق نے قومی ایونٹس میں عمدہ صلاحیتوں سے سب کو متاثرکیا فوٹو: فائل

KABUL:
عالمی اسنوکر میں پاکستان کی فتوحات نے وادی کشمیر میں بھی اس کھیل کو دوام بخشنا شروع کر دیا،آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں نے بھی اسنوکر میں دلچسپی لینا شروع کردی اور مختلف شہروں میں اسنوکر کے کلبز قائم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کی محنت رنگ لانے لگی، کشمیری نوجوان آکاش رفیق نے اپنی بہترین صلاحیتوں کی بدولت قومی مقابلوں میں عمدہ کاکردگی کا مظاہرہ کرکے ماہرین کھیل کوششدر کرکے رکھ دیا ہے، آکاش رفیق انٹرنیشنل ایونٹس میں بھی شرکت کرکے اپنے بہتر مستقبل کی نوید دے چکے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں عالمی مقابلوں میں پاکستان کے لیے فتوحات سمیٹنے کا خواہشمند ہوں جس کے لیے بھرپور محنت کوشعار بنا رکھا ہے، پاکستان اسنوکر ایسوسی ایشن کے تحت حال ہی میں کراچی میں منعقدہ 43 ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آکاش رفیق کا کہناہے کہ مجھے پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی اسنوکرکے میدان میں کامیابیوں نے اس کھیل کی طرف متوجہ کیا اور میں نے اس کھیل میں دلچسپی لینا شروع کی اور رفتہ رفتہ قومی ایونٹس میں بھی شریک ہونے لگا، میر پور، آزاد کشمیر کے رہائشی آکاش رفیق نے کہا کہ میرا کوئی کوچ نہیں، میں نے اپنی کوچنگ خود کی ۔


لیکن قومی مقابلوں میں سابق عا لمی چیمپئن محمد آصف اور سابق عالمی نمبر 2 و سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد سمیت دیگر انٹرنیشنل کیوئٹس کے کھیلنے کے انداز اور ان کے ساتھ میچز کھیلنے سے اصلاح حاصل کرتا ہوں جو میرے لیے بہت سود مند رہی ہے، انھوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں بھی اب اسنوکر کھیلنے کا شوق تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔

عامر شہزاد اور میری کامیابیوں نے ان کو بھی اس کھیل کی جانب راغب کرنا شروع کر دیا لیکن بدقسمتی سے ان نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری کوچنگ دستیاب نہیں، جس کے سبب ان کے کھیل میں نکھار نہیں پیدا ہورہا اور ان کا ٹیلنٹ سامنے نہیں آپارہا، آکاش رفیق نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کھیل کا مستقبل نہ ہونے کے سبب وادی کے کھلاڑی دوسرے علاقوں سے جاکر کھیلنے پر مجبور ہیں جبکہ خود میں نے قومی چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کی نمائندگی کی، ایک سوال کے جواب میں آکاش رفیق نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں اسنوکر کو فروغ دینے کے لیے وہاں کی حکومت اور متعلقہ وزارت کا اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس کھیل کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی کوشش کرنی چاہیے، اس عمل سے وادی سے لاتعداد کھلاڑی ابھر کر سامنے آسکتے ہیں۔
Load Next Story