اصل مقابلہ تحریک انصاف نہیں پیپلزپارٹی سے ہوگا مشاہداللہ

پیپلزپارٹی کو انتخابی مہم کیلیے بندہ نہیں مل رہا، قیادت بیرون ملک چلی گئی ہے

پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے5 سال میں عوام سے جو سلوک کیا انھیں یقینا اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا,مشاہداللہ ۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہداﷲ خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں سونامی کا '' حشر'' دیکھ کر تحریک انصاف والوں کو عوامی فیصلے کا پتہ چل جائیگا۔

تحریک انصاف والے کل کے ''بچے''ہیں (ن) لیگ کا عام انتخابات میں مقابلہ پیپلزپارٹی سے ہی ہوگا اور پیپلزپارٹی والوں کو تو انتخابی مہم کیلیے کوئی بندہ ہی نہیں مل رہا ان کی قیادت بھی بیرون ملک جاچکی ہے ، اپنی صاحبزادی ردا خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی عوام میں مضبوط بنیاد ہیں جبکہ تحریک انصاف کل کی جماعت ہے۔ ہمارا اصل مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہوگا۔ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے5 سال میں عوام سے جو سلوک کیا انھیں یقینا اس کا نتیجہ بھگتنا پڑے گا ۔




پیپلزپارٹی کا مستقبل میں کوئی سیاسی کردار نظرنہیں آرہا، آنیوالی حکومت (ن) لیگ کی ہوگی اور نوازشریف ملک کے وزیراعظم ہوں گے ۔ دریں اثنا ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کے ترجمان سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار کا یہ بیان قطعاً بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی ہے کہ نواز شریف نے ذاتی حیثیت میں اقوام متحدہ کو کوئی خط لکھا تھا۔ انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے اپنے سیاسی معاملات کیلیے کبھی اقوام متحدہ کو خط نہیں لکھا ۔ فاروق ستار کا نوازشریف سے جھوٹ منسوب کرکے اپنے کسی جرم کا جواز تلاش کرنا انتہائی غیر اخلاقی حرکت ہے جو ان جیسے منصب پر فائز کسی شخص کو زیب نہیں دیتی ۔ فاروق ستار اپنا بیان فوری طور پر واپس لیں۔
Load Next Story