یمن میں محکمہ انسدادِ دہشتگردی کے ہیڈ کوارٹر پر داعش کا حملہ 19 افراد ہلاک

حملہ آوروں نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری دو گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا


ویب ڈیسک February 25, 2018
حملہ آوروں نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری دو گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا فوٹو:فائل

یمن کے ساحلی شہر عدن میں انسدادِ دہشت گردی فورس کے ہیڈ کوارٹر پر داعش کے حملے میں 10 اہلکاروں سمیت 19 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر عدن میں دو کار بم دھماکوں میں 19 افراد ہلاک جب کہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ عدن کے سیکیورٹی حکام نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ دو کاروں میں موجود 6 مسلح حملہ آوروں نے انسداد دہشت گردی فورس کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا۔ سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش کی اور فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں 4 اہلکار اور گاڑیوں میں موجود 6 مسلح دہشت گرد ہلاک ہوگئے تاہم باقی حملہ آور پولیس اور فوج کا سیکیورٹی حصار توڑ کر مرکزی دروازے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ہیڈ کوارٹر کے مرکزی دروازے پر پہنچتے ہی دھماکا خیز مواد سے بھری 2 گاڑیوں کو اڑا دیا جس کے نتیجے میں مزید 9 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 3 فوجی بھی شامل ہیں۔ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ کالونی کی متعدد عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور درجنوں گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے اور بیان جاری کیا ہے کہ یہ دونوں حملے انسدادِ دہشت گردی فورس کے ہیڈ کوارٹر کو تباہ کرنے کے لئے کئے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں