تبدیلی کوئی نہیں روک سکتا عوام کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردینگے منور حسن

پارٹیاں بدلنے والوں کو میڈیا بے نقاب کرے، مزار قائد پر خطاب، مختلف شخصیات کو فخر پاکستان ایوارڈ دیے گئے


Staff Reporter April 01, 2013
کراچی: امیر جماعت اسلامی منور حسن شباب ملی کے زیر اہتمام ایم اے جناح روڈ پرامید پاکستان یوتھ کنو نشن سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیدمنورحسن نے کہا ہے کہ گذشتہ65 سال میں جماعت اسلامی کے ہزار سے زائد افراد منتخب ہوئے مگر کوئی ان کے دامن پر کرپشن کا داغ نہیں دکھا سکتا۔

جماعت اسلامی ہی ملک کو دیانتدارقیادت فراہم کرسکتی ہے، ہم ہی لوگوں کے دلوں کو جیتیں گے، اب تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔عوام کرپٹ حکمرانوں کو مسترد کردیں گے۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے پارٹیاں بدل رہے ہیں، میڈیا ایسے عناصر کو بے نقاب کرے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اتوار کو شباب ملی کے تحت مزار قائد پر ''امید پاکستان یوتھ کنونشن'' سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے شباب ملی پاکستان کے عتیق الرحمن، سیکریٹری قیصر شریف، سندھ کے صدرعظیم بلوچ، کراچی کے صدر سیف الدین، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ زبیر صفدر، جماعت اسلامی کراچی کے امیرمحمد حسین محنتی، سندھ کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو اور دیگر نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی 'کراچی کے سیکریٹری نسیم صدیقی، نائب امرا برجیس احمد، حافظ نعیم الرحمن، ڈاکٹر واسع شاکر ، نصراللہ خان شجیع اور دیگر بھی موجود تھے۔ کنونشن میں ہزاروں نوجوانوں نے شرکت کی اور ملک کی تعمیر و ترقی اور استحکام کا عزم کیا۔ کنونشن میں زندگی کے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے افراد کو فخرپاکستان ایوارڈ بھی دیا گیا۔ نوجوانوں نے کراٹے شو بھی پیش کیا جب کہ ایک موقع پر اسٹیج سے قومی ترانہ نشر کیا گیا جس کے احترام میں کنونشن کے شرکا احتراماً کھڑے ہوگئے۔ سید منورحسن نے کہاکہ پاکستان کے عوام بھی بیدار ہورہے ہیں، اس بیداری میں نوجوان سب سے آگے ہیں۔

13

 

ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، اصل مسئلہ کرپٹ حکمرانوں کا ہے ۔ اگر دیانتدار قیادت ہوتو ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہوجائے۔ کراچی اور سندھ کو بے سکون کرنے کے لیے دہشتگردوں کی سرپرستی کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ آنے والے انتخابات میں نوجوانوں کو عزم کرنا ہے کہ وہ کرپشن فری حکومت قائم کرکے کرپشن فری معاشرہ قائم کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ چور، لٹیرے اور دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹنے والے پارٹیاں بدل رہے ہیں، عمران خان بھی جس پارٹی کو چارٹ شیٹ پیش کرتے ہیں، اس پارٹی کا نمائندہ تحریک انصاف میں جگہ پاتا ہے۔ ایسے تمام لوگوں کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے جنھوں نے ملک کو لوٹا اور اسے کنگال کیا۔

منور حسن نے کہاکہ 60-65 سال میں جماعت اسلامی کے ہزار کے قریب افراد منتخب ہوئے ہیں لیکن ان کا دامن کرپشن سے کبھی داغدار نہیں ہوا۔ہمارے نمائندوں نے دیانتداری سے کام کیا، ان کا کردار سنگ میل ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ بڑے پیمانے پر عوام سے رابطے کئے جائیں۔ انھوں نے کہاکہ جماعت الدعوۃ،تنظیم اسلامی، توحید و سنت والے بھی انتخابات میں اپنا کردار ادا کریں، امریکی غلاموں سے نجات کیلیے ضروری ہے کہ جب ووٹ کے ذریعے تبدیلی کا راستہ موجود ہے تو وہ جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی جماعت ایسی نہیں جس کا دامن کرپشن سے پاک ہو، ہم افغانیوں اور طالبان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔انھوں نے کہاکہسپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں جس طرح حد بندی اور ووٹر لسٹوں کی تصدیق ہونا چاہیے تھی ویسی نہیں ہوئی ۔ ہماری تمام سرگرمیوں کا مقصد اللہ کی رضا اور خوشنودی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |