تمام سیاسی جماعتوں کا اکٹھا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہےفاروق ستار

اقتدارکی رسہ کشی ملکی سیاست کیلیے زہر قاتل ہے ، اسلام آبادمیں افطار پارٹی سے خطاب

اسلام آباد :متحدہ کے رہنما فاروق ستار صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو ایکسپریس

FAISALABAD:
وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنونیئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کا ایک میز پر اکٹھا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ملک کو درپیش داخلی اور خارجی مسائل کے حل کے حوالے سے قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کیلیے میڈیا، صحافی اور اہل دانش ہماری کوششوں میں ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو راولپنڈی اسلام آباد کے صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار عشائیہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے مسئلہ پر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ آج کسی کی کامیابی یا ناکامی کا مسئلہ نہیں بلکہ معاملہ ریاست کی کامیابی یا ناکامی کا ہے۔


انتخابات سے قبل تمام شراکت داروں کو مل بیٹھنا چاہیے، اقتدارکی رسہ کشی ملکی سیاست کے لیے زہر قاتل ہے ۔آئینی اداروں کی آزادی ہمیں عزیز ہے تاہم تمام اداروں کو آئین میں متعین کردہ حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے، یہی وقت ہے کہ ہم مل بیٹھ کر ان مسائل کا حل نکالیں۔تمام سیاسی جماعتوں اور رہنماوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں کا مقصد ایسا راستہ نکالنا ہے جس سے ملک کو داخلی اور خارجی مشکلات سے نجات دلائی جا سکے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی، قائم مقام انچارج پنڈی زون ملک منیر انجم، ایڈمرل (ر) نشاط رفیع،رکن قومی اسمبلی وسیم اختر، میاں عتیق،صلاح الدین اور دیگر نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رک اور سندھ کے صوبائی وزیر رضا ہارون نے بھی مختصر خطاب کیا ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ انتخابات کے بعد مینڈیٹ مزید تقسیم ہو سکتا ہے اس لئے تمام سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی کا مظاہرہ کریں اور ملک میں جاری افراتفری کو ختم کر کے معمول کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لائیں ۔
Load Next Story