سعد رفیق کا پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

فواد چوہدری نے 14 دن میں معافی نہ مانگی تو وزیرِ ریلوے قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، نوٹس


ویب ڈیسک February 25, 2018
فواد چوہدری نے 14 دن میں معافی نہ مانگی تو وزیرِریلوے قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، نوٹس فوٹو:فائل

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کو بے بنیاد الزامات لگانے پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو الزامات لگانے پر 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوادیا ہے. نوٹس کے مطابق 22 فروری کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے سعد رفیق پر من پسند کمپنی کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا 14 ارب روپے کا ٹھیکہ دلوانے اور کرپشن کے جھوٹے الزامات لگائے۔

نوٹس میں تحریر ہے کہ آئینِ پاکستان ہرشخص کو اپنی عزت اور ساکھ کی حفاظت کی ضمانت دیتا ہے اور کسی شخص کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ قانونی وجہ کے بغیر کسی کے بارے میں ہتک آمیز بیانات دے۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سعد رفیق پر کرپشن کے جھوٹے اور من گھڑت الزامات لگائے۔ وہ اس ہرزہ سرائی پر قوم کے سامنے غیرمشروط معافی مانگیں اور اگر 14 روز کے اندر انہوں نے معافی نہ مانگی تو وزیرِ ریلوے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

<>

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں