سوئٹزرلینڈ میں کوئی بھی کیس زیرالتوأ نہیں فوادچوہدری

تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے ایک مئوقف پر حیرت ہے، عمر سہیل بٹ کی فرنٹ لائن میں گفتگو

تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے ایک مئوقف پر حیرت ہے، عمر سہیل بٹ کی فرنٹ لائن میں گفتگو

وزیراعظم کے خصوصی مشیر فواد چوہدری نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے عدلیہ کی بحالی کیلیے قربانیاں دی ہیں، ججوں کی تنخواہیں بڑھائی ہیں ۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''فرنٹ لائن'' میں اینکر پرسن اسد اللہ خان سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ خط لکھنا یا نہ لکھنا ایک سیاسی ایشو ہے اور کچھ نہیں ،اس وقت سوئٹزرلینڈ میں کوئی بھی کیس زیرالتوأ نہیں ۔

ہم نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فیصلے کو صدر کی مدت صدارت تک ملتوی رکھیں ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما انعام اللہ نیازی نے کہاکہ میں پیپلزپارٹی کی پالیسیوں سے اختلاف نہیں کرتا لیکن کچھ باتیں ایسی ہیں کہ جن پر مجھے بھی حیرانگی ہے ۔ائیر مارشل اصغر خان کیس، حدیبیہ پیپرملز جیسے کیس بھی سامنے آنے چاہئیں ۔ مجھے چیف جسٹس پرکوئی شک نہیں لیکن میں خود ذاتی طورپر چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ رانا ثنااللہ کو اپنا نام استعمال کرنے سے روکیں، وہ پنجاب میں وزیراعلیٰ بنا پھرتا ہے ۔


ڈاکٹر ارسلان سے پہلے تو رانا ثنااللہ کی انکوائری ہونی چاہیئے ۔ مسلم لیگ ن میں سردار ذوالفقار کھوسہ کے ساتھ جس طرح کا سلوک ہوا وہ کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے ۔ مسلم لیگ ن نے لٹیروں کو ساتھ ملاکر پارٹی تباہ کرلی ہے ۔ پیپلزپارٹی خط نہ لکھ کر تصادم کی فضا پیدا کررہی ہے ۔ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی عمر سہیل ضیا بٹ نے کہاکہ مجھے آج تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے ایک جیسے مئوقف پر حیرت ہورہی ہے ۔

ہم نے جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا تھا لیکن جب انہوں نے عدلیہ کی آزادی کا وعدہ پورا نہیں کیا تو ہم نے وزارتوں کو ٹھوکر مار دی۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ اگر رانا ثنااللہ کسی غیر قانونی کام یا کرپشن میں ملوث ہوں تو میں سیاست چھوڑ دونگا۔ عدالتیں آزاد ہیں اور ان سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے ۔ ن لیگ کے بھی سارے کیس چل رہے ہیں ۔
Load Next Story