سول اسپتال کے نزدیک مخدوش قرار دی گئی 170 سالہ قدیم رہائشی عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
کراچی میں سول اسپتال کے قریب 3 منزلہ ''کلکتہ بلڈنگ'' کا بوسیدہ حصہ اچانک گر گیا جس کے باعث مکین عمارت کے اندر پھنس گئے۔ ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے اندر پھنسے مکینوں کو باہر نکالا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پولیس کی نفری بھی موجود رہی۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 170 سالہ پرانی عمارت تاریخی اہمیت رکھتی ہے اور اس میں 18 فلیٹس قائم ہیں۔ عمارت کے ایک حصے کی حالت انتہائی مخدوش تھی جس کی وجہ سے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اسے خالی کرنے کے لیے نوٹس بھی بھیجا تھا تاہم مکینوں نے گھر خالی کرنے سے منع کردیا تھا اور آج یہ افسوسناک واقعہ رونما ہو گیا ہے جس کے بعد مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں برطانوی راج کے دوران تعمیر کردہ کئی عمارتیں موجود ہیں جو اپنے فن تعمیر اور مخصوص مگر دلکش انداز کے باعث اپنی مثال آپ ہیں تاہم ان میں سے اکثر عمارتیں مخدوش ہو چکی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے ان تاریخی عمارتوں کو محفوظ کرنے کے لیے سنجیدہ کاوشیں نظر نہیں آرہی ہیں جس کے باعث ہم اپنی تاریخ کے واقعاتی مظاہر سےمحروم ہوتے جارہے ہیں۔