مسلم لیگ (ن)کے اگلے صدر شہبازشریف ہی ہونگے جس کے بارے میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے وزیراعلی پنجاب کو باضابطہ طور پرآگاہ کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز دونوں رہنماؤں کی ملاقات جاتی امرا میں ہوئی جس میں فیصلہ کیاگیاکہ کل (منگل27 فروری کو) پارٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں قائم مقام صدر بنانے کی منظوری لینے کے بعد پارٹی انتخابات کرائے جائیں گے۔
ملاقات میں عوامی رابطہ مہم، پارٹی صدارت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدکی صورتحال اور مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات سمیت پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آشیانہ اسکیم کرپشن کیس؛ شہباز شریف سے نیب کی ڈیڑھ گھنٹے تفتیش
ذرائع کے مطابق ملاقات میں نوازشریف نے شہبازشریف کو باضابطہ طورپرآگاہ کیاکہ (ن) لیگ کے صدر وہی ہونگے۔ کل مجلس عاملہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کوپہلے قائم مقام صدر بنایا جائے گا جس کے لیے منظوری سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں لی جائے گی۔ شہبازشریف کو باقاعدہ پارٹی صدر بنانے کیلیے پارٹی انتخابات کرائے جائیںگے۔
سابق وزیراعظم نوازشر یف اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ملاقات میں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس کے معاملات کوحتمی شکل دے دی گئی، پنجاب سے سینیٹ انتخابات میں بھرپورکامیابی کیلیے تمام معاملات کی نگرانی شہبازشریف خودکرینگے، ملاقات میں سینیٹ انتخابات، نیب مقدمات، احد چیمہ کی گرفتاری اور پارٹی کے صدارتی انتخابات سمیت دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب بیورو کریسی کی ہڑتال ریاست کے خلاف بغاوت ہے، اعتزاز احسن
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہبازشریف نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احدچیمہ کی گرفتاری سمیت دیگر معاملات سے نوازشریف کوآگاہ کیا۔
میاں نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو سینیٹ انتخابات سے بطور جماعت الگ کردینا کہاں کا انصاف ہے؟ ہم نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے جس کے لیے ہرقر بانی دینے کوتیار ہیں، آمریت کے بدترین دورمیں حالات کا مقابلہ کرچکے ہیں اور اب ملک میںاحتساب کے نام پر لیے جانے والے انتقام کوقوم کو دیکھ رہی ہے۔