اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی

ملتان سلطانز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 113 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔


ویب ڈیسک February 25, 2018
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 114 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا ۔ فوٹو : پی ایس ایل

اسلام آباد یونائیٹڈ نے 114 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو شکست دے دی۔

پی ایس ایل تھرڈ ایڈیشن کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ملتان سلطان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 113 رنز اسکور کیے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 114 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔

OUT! 0.3 Mohammad Irfan to Luke Ronchi

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ صفر کے اسکور پر گری جس میں لیوک رانچی تین بالز کھیل کر کوئی رن بنائے بغیر عرفان کی بال پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ٹیم کا دوسرا کھلاڑی 37 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوا، صاحبزادہ فرحان نے 7 گیندوں پر 9 رنز بنائے اور عمران طاہر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

تیسری وکٹ 47 کے اسکور پر چیڈوک والٹن کی صورت میں گری جنہوں نے 23 گیندوں پر 28 رنز بنائے، انہوں نے 5 چوکے لگائے بعدازاں جیند خان کی بال پر شہزاد کو کیچ دے بیٹھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا چوتھا کھلاڑی 63 کے اسکور پر آؤٹ ہوا، عمران طاہر کی بال پر وکٹ کیپر سنگا کارا نے آصف علی کا کیچ پکڑ لیا، آصف علی نے 19 بالز پر 11 رنز اسکور کیے اور ایک چوکا لگایا۔


پانچویں وکٹ آندرے رسل کی شکل میں گری وہ عمران طاہر کی پہلی ہی بال پر آؤٹ ہوگئے۔

حسین طلعت اور فہیم اشرف ناٹ آؤٹ رہے، 17 ویں اوور کی تیسری گیند پر دونوں ٹیموں کا اسکور برابر ہوگیا، چوتھی بال پر حسین طلعت نے چوکا لگا کر وننگ شاٹ کھیلا اور ٹیم کا اسکور 113 سے 117 پر لے گئے۔ حسین طلعت نے 34 بالز پر 48 رنز بنائے جس میں 4 چوکے شامل ہیں، فہیم اشرف نے 20 گیندیں کھیلیں اور 12 رنز بنائے۔

پہلی اننگ


قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطان کے تمام کھلاڑی 19.5 اوورز 113 رنز پر آؤٹ ہوگئے تھے۔ ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ شعیب ملک الیون کو پہلا نقصان 8 رنز کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب تیسرے اوور کی پہلی گیند پر رومان رئیس نے کمارا سنگا کارا کو سلپ میں کیچ آﺅٹ کروا دیا، وہ صرف 6 رن بنا سکے۔ اگلے اوور میں محمد سمیع نے براوو کو پویلین کا راستہ دکھا دیا، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین شارٹ بال پر بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شارٹ فائن لیگ پر اسٹیون فن کو کیچ دے بیٹھے۔




چھٹے اوور میں محمد سمیع نے صہیب مقصود (1) کو بھی چلتا کیا، وہ بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں رومان رئیس کو کیچ دے بیٹھے۔ احمد شہزاد 24 گیندوں پر 11 رنز بنا کر اسٹیون فن اور عماد بٹ کے گٹھ جوڑ کا شکار بنے۔ 31 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور کیرن پولارڈ نے بیٹنگ لائن کو کچھ سنبھالا دیا اور مجموعی اسکور 85 تک پہنچا دیا۔

پولارڈ 28 اور شعیب ملک نے سب سے زیادہ 35 رنز اسکور کیے۔ سہیل تنویر 9، سیف بدر 8 جبکہ عمران طاہر اور محمد عرفان 2,2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم ایک گیند قبل ہی 113 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ رومان رئیس نے 14 رنز کے عوض 3 شکار کیے، محمد سمیع، آرندے رسل نے 2,2 جبکہ اسٹیون فن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی ہیں، سمیت پٹیل اور افتخار احمد کی جگہ صاحبزادہ فرحان اور اسٹیون فن کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق ابھی تک پوری طرح فٹ نہیں ہوئے اور ان کی جگہ رومان رئیس قیادت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

اسلام آباد کی ٹیم لیوک رونچی، کیڈوک والٹن، آصف علی، حسین طلعت، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان، آندرے رسل، فہیم اشرف، محمد سمیع، رومان رئیس اور اسٹیون فن شامل ہیں۔

ملتان سلطانز نے اپنے وننگ کمبی نیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی، سلطانز پلیئنگ الیون میں کمارا سنگا کارا، احمد شہزاد، صہیب مقصود، شعیب ملک، کیرن پولارڈ، ڈیرن براوو، سہیل تنویر، سیف بدری، عمران طاہر، جنید خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں