سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کی فتح

عماد وسیم نے ایک ہی بال کھیلی اور اس پر چھکا لگا کر ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں فتح دلادی


ویب ڈیسک February 25, 2018
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کو فتح کے لیے 132 رنز کا ہدف دیا۔ فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 132 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں جاری پی ایس ایل تھرڈ ایڈیشن کا ساتواں میچ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا۔ پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی اور کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم نے کی۔ میچ میں پشاو زلمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور فتح کے لیے کراچی کنگز کو 132 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں کراچی کنگز نے ایک مشکل مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دے دی۔

پہلی اننگ


پشاور زلمی کی جانب سے تمیم اقبال اور ڈیوین اسمتھ نے اوپننگ کی۔

زلمی کی پہلی وکٹ 16 رنز پر کامران اکمل کی شکل میں گری وہ 5 گیندوں پر 14 رنز بناکر محمد عامر کی بال پر کلین بولڈ ہوگئے۔

دوسری وکٹ 27 رنز پر تمیم اقبال کی تھی جس میں وہ 12 گیندوں پر 11 رنز بناکر محمد عامر کی بال پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

تیسرے نمبر پر محمد حفیظ ٹیم کے مجموعی اسکور 38 پر شاہد آفریدی کی بال پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 16 بالز پر 7 رنز بنائے اور ایک چوکا لگایا۔

زلمی کی چوتھی وکٹ 53 کے اسکو ر پر گری جس میں حارث سہیل محمد عرفان کے ہاتھوں چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 5 گیندیں کھیلیں اور ایک رن بناسکے۔

گیارہویں اوور میں زلمی کی پانچویں وکٹ 59 کے اسکور پر گری، ابتسام شیخ محمد عرفان کی بال پر رن کے لیے بھاگے تاہم ڈیوائن اسمتھ بھاگے ہی نہیں چنانچہ ابتسام کو واپس بھاگنا پڑا لیکن وہ کریز تک نہ پہنچ سکے اور انہیں پویلین پہنچنا پڑ گیا وہ چھ بال پر دو رنز بناسکے۔

13 ویں اوور میں 69 کے مجموعی اسکور پر زلمی کی چھٹی وکٹ کپتان ڈیرن سیمی کی شکل میں گری، روی بوپارا کی بال پر ڈیرن سیمی رنز لینے کے لیے بھاگے لیکن اس بار بھی ڈیوائن اسمتھ بھاگے ہی نہیں اور ڈیرن سیمی آؤٹ ہوگئے۔ سیمی نے 7 بالز کھیلیں اور دو رنز بناسکے۔

14ویں اوور میں 77 کے مجموعی اسکور پر ساتویں کھلاڑی عمید آصف شاہد آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے، انہوں نے 7 بالز کھیلیں اور 7 ہی رنز بنائے۔

پشاور زلمی کا آٹھواں کھلاڑی 15 ویں اوور میں 79 کے اسکور پر پویلین لوٹ گیا، کرس جورڈن نے 6 بالز کھیلیں اور ایک رن بنایا، تیمل ملز کی بالز پر وہ محمد عرفان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

نویں کھلاڑی وہاب ریاض نے 6 بالز کھیلیں اور 8 رنز اسکور کیے اور وہ بھی ابتسام اور سیمی کی طرح رن آؤٹ ہوگئے۔

ڈیوائن اسمتھ نے 51 گیندیں کھیلیں 71 رنز اسکور کیے 5 چھکے اور 4 چوکے لگائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے کھلاڑی محمد اصغر تھے جو کچھ بالز قبل کریز پر آئے اور دو بال کھیلیں اور کوئی رنز اسکور نہ کرسکے۔

کراچی کنگز کی طرف سے بالنگ کے دوران محمد عامر نے دو، تیمل ملز نے ایک، شاہد آفریدی نے دو اور محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

دوسری اننگ


کراچی کنگز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز خرم منظور اور جو ڈینلی نے کیا۔

کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 1.6 اوورز میں 17 رنز کے اسکور پر خرم منظور کی شکل میں گری، خرم منظور نے ایک چوکا لگایا، 5 بالز پر 6 رنز اسکور کیے اور کرس جورڈن کی بال پر ابتسام شیخ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ان کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے۔

کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 8.3 اوورز میں 58 کے مجموعی اسکور پر گری جس میں بابر اعظم ابتسام شیخ کی بال پر ڈیرن سیمی کے ہاتھو ں کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 20 بالز پر 28 رنز اسکور کیے جن میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل ہیں۔ان کے بعد کولین انگرام کریز کھیلنے آئے۔

دس اوورز کے اختتام تک کراچی کنگز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز اسکور کیے۔

کراچی کنگز کی تیسری وکٹ 12.2 اوورز میں 87 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، جو ڈینلی نے 39 بالز کھیلیں اور 29 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل ہیں بعدازاں وہ ابتسام شیخ کی گیند پر ڈیرن سیمی کو کیچ دے بیٹھے۔

15 ویں اوور کے اختتام تک کراچی کنگز کی بیٹنگ مستحکم رہی اور اس کا اسکور 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 99 تک پہنچ گیا۔ 16ویں اوور میں یہ اسکور 104 اور 17 ویں اوور میں یہ اسکور 116 تک پہنچ گیا جس کے بعد میچ سنسنی خیز صورتحال اختیار کرگیا۔

آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی کولن انگرام تھے جنہوں ںے 14 بالز پر 23 رنز اسکور کیے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے، انہیں ابتسام شیخ نے حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔

19.3 اوورز میں 129 کے اسکور پر کراچی کنگز کی پانچویں وکٹ محمد اصغر کی شکل میں گرگئی۔ محمد رضوان نے 16 بالز پر 19 رنز بنائے جن میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل ہیں، وہ محمد اصغر کی بال پر جورڈن کو کیچ دے کر پویلین روانہ ہوگئے۔

18 ویں اوور میں اسکور 125 اور 19ویں اوور میں مجموعی اسکور 127 تک پہنچ گیا جس کے بعد ایک اوور میں 5 پانچ رنز درکار تھے جو کراچی کنگز کے کھلاڑیوں نے بنالیے اور میچ جیت لیا۔

روی بوپارہ اور عماد وسیم ناٹ آؤٹ رہے، روی بوپارہ نے 23 گیندوں پر 17 رنز بنائے ایک چوکا لگایا جب کہ عماد وسیم اس وقت کریز پر پہنچے جن ٹیم کو فتح کے لیے تین بالز پر تین رنز درکار تھے۔ عماد وسیم نے ایک ہی بال کھیلی اور اس پر فاتحانہ چھکا لگاتے ہوئے ٹیم کی کشتی پار لگادی اور ٹیم نے 132 کے بجائے 135 رنز بنالیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں