سعودی عرب کے متعدد شہروں میں بارش ژالہ باری موسم سرد ہو گیا

مدینہ منورہ میں ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، بارش مزید 2 روز جاری رہنے کا امکان۔


News Agencies February 26, 2018
مدینہ منورہ میں ژالہ باری سے گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، بارش مزید 2 روز جاری رہنے کا امکان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سعودی عرب کے متعدد شہروں میں موسلادھاربارش بعض شہروں میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا جبکہ جدہ میں بوندا باندی ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خوش گوار موسم سے لطف اندوز ہونے کیلیے لوگوں کی بڑی تعداد ساحل پر تفریح کے لیے پہنچ گئی۔

دوسری جانب طائف کے بعض علاقوں میں ہلکی اور موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ شہری دفاع کے ریجنل ترجمان کرنل ناصر الشریف نے نشیبی علاقوں کے رہائشی افراد کو وارننگ جاری کی ہے۔ نشیبی علاقوں میں پہاڑوں سے آنے والا برساتی ریلا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے جس سے جانی ومالی نقصان کا اندیشہ ہے۔

مدینہ منورہ ریجن میں بھی غیرمعمولی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ مدینہ منورہ اور مضافات میں تبوک کی جانب ہائی وے پر بارش کے ساتھ ساتھ شدیدژالہ باری ہوئی۔ شہر میں اولے گرنے سے بعض گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ مزید 2 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں