ایساف افغانستان سے سرحد پار کارروائیوں کو روکنے میں مدد کرے آرمی چیف

پاکستان پر امن، مستحکم اور متحدہ افغانستان کا خواہاں ہے، آرمی چیف

افغان شدت پسندوں کی جانب سے سرحد پار کارروائیاں امن عمل کو سبوتاژ کررہی ہیں، جنرل کیانی۔ فوٹو : فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ افغانستان سے سرحد پار کارروائیوں کو روکنے کے لیے ایساف افواج پاکستان کی مدد کرے۔



آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامئے کے مطابق افغانستان میں تعینات ایساف کمانڈر جنرل جوزف ڈنفورڈ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ملاقات کی، جس میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور خطے میں سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ کیا گیا۔


ملاقات کے دوران جنرل اشفاق پرویزکیانی نے کہا کہ پاکستان پر امن، مستحکم اور متحدہ افغانستان کا خواہاں ہے لیکن افغان شدت پسندوں کی جانب سے سرحد پار کارروائیاں امن عمل کو سبوتاژ کررہی ہیں، ایساف افواج افغانستان سے ہونے والی ان کاروائیوں کو روکنے کے لئے پاکستان کی مدد کرے۔


اس موقع پر ایساف کمانڈر نے کہا کہ پاکستان، افغان اور بین الاقوامی برادری خطے میں امن چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

Load Next Story