بھارت سے لاکھوں مسلمانوں کو ملک بدر کرنے کا منصوبہ

مودی سرکار کے اقدامات سے 20 لاکھ مسلمان بھارتی شہریت سے محروم ہو جائيں گے


ویب ڈیسک February 26, 2018
بھارتی حکومت نے مسلمانوں کو گرفتار کرکے حراستی کیمپوں میں رکھنے کے لئے زمینیں بھی حاصل کرلی ہیں، رپورٹ : فوٹو : فائل

بھارتی ریاست آسام میں موجود 34 فیصد مسلمانوں کو بنگالی قرار دے کر انہیں ملک بدر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاست آسام میں 100 سال قبل سے مقیم بنگالی مسلمانوں کو ملک بدر کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے، بھارت کی شدت پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس اور حکمران جماعت بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کا مؤقف ہے کہ آسام میں لاکھوں غیر قانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن آ کر بس گئے تھے جنہیں نکالنے کے لئے سب سے پہلے انہیں بھارتی ووٹرز لسٹوں سے نکالنا ضروری ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر رنجیب داس نے بھی اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تمام لوگوں کے نام ووٹرلسٹ سے باہر کرکے ووٹ کا حق ختم کردیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق آسام میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب 34 فیصد ہے، ان میں اکثریت بنگالی نسل کے مسلمانوں کی ہے جو گزشتہ 100 برس کے دوران یہاں آکر آباد ہوئے، یہ لوگ بیشتر غریب، ان پڑھ اور زرعی مزدور ہیں، بھارتی الیکشن کمیشن نے گزشتہ کئی سال سے ووٹر لسٹ میں بنگالی مسلمانوں کو شہریت کے دستاویزات یا ثبوت پیش نہ کرنے کی پاداش میں 'ڈی ووٹر' مشکوک شہری لکھنا شروع کررکھا ہے، جسٹس فورم کے رکن عبدالباطن کھنڈ کار کا کہنا ہے کہ 'ڈی ووٹرز اور ڈکلیئرڈ فارینرز کی تعداد تقریباً 5 لاکھ اور ان کے بچوں کی تعداد 15 لاکھ ہوگی اور یہ سب نئی ووٹرز فہرست میں شامل نہیں ہوں گے اور اندیشہ ہے کہ کم از کم 20 لاکھ بنگالی مسلمان شہریت اور قومیت سے محروم ہو جائيں گے۔

بھارتی سپریم کورٹ کی نگرانی میں ریاست کی شہریت حاصل کرنے والے شہریوں کی دوسری اور آخری فہرست تیار کی جارہی ہے اور رواں برس جون میں 'نیشنل رجسٹر فار سٹیزنز' (این آر سی) حتمی فہرست جاری کرے گی، آسام کے لاکھوں مسلمانوں کی شہریت اور قومیت کا مستقبل اسی فہرست پر منحصر ہے۔ ریاست کے سابق وزیر اعلٰی اور کانگریس کے رہنما ترون گوگوئی نے شہریت کا قومی رجسٹر بنانے کی ابتدا کی تھی اور ان کے دورِ اقتدار میں ہی پہلی فہرست جاری کی گئی تھی۔

این آر سی کے سربراہ پرتیک ہجیلا کا کہنا ہے کہ ریاست کی شہریت حاصل کرنے والی فہرست میں ان لوگوں کو شامل نہیں کیا جائے گا جنہیں ڈی ووٹر یا غیر ملکی قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کی 'فیملی ٹری' کی جانچ ہو رہی ہے اور 29 لاکھ خواتین نے پنچایت سرٹیفیکیٹ دے دیئے ہیں تاہم ان کی بھی باریکی سے چھان بین ہو رہی ہے۔ اس قدام کے نتیجے میں ملک کی شہریت اور قومیت سے کتنے لوگ باہر ہو جائیں گے یہ بتانا مشکل ہے تاہم اس عمل کے بعد جو بھی تعداد سامنے آئے گی وہ قطعی اور درست ہوگی۔

دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر ملک بدر کئے جانے والے مسلمانوں کو گرفتار کرکے حراستی کیمپوں میں رکھنے کے لئے بعض مقامات پر زمینیں بھی حاصل کررکھی ہیں جب کہ ریاست میں جورہٹ، ڈبروگڑھ، گوالپاڑہ، سلچر، تیج پور، اور کوکراجھار کی جیلوں میں پہلے ہی حراستی کیمپ بن چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں