چین امریکی فلموں کی سب سے بڑی مارکیٹ بن گیا

2012 میں چین میں ہالی وڈ کی فلموں نے 3.30 ارب ڈالر کمائے جو 2011 کے مقابلے میں 34 فی صد زیادہ ہے، رپورٹ


Mim Ain April 01, 2013
2012 میں چین میں ہالی وڈ کی فلموں نے 3.30 ارب ڈالر کمائے جو 2011 کے مقابلے میں 34 فی صد زیادہ ہے، رپورٹ فوٹو: کیریٹیو کامنز/فائل

امریکا کی چین سے مخاصمت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ وہ ایشیائی ملک کو اپنا سخت حریف سمجھتا ہے۔

اس تناظر میں امریکی ذرائع ابلاغ بھی چین کو منفی انداز میں پیش کرتے رہے ہیں۔ ہالی وڈ کے فلم اسٹوڈیوز اس ضمن میں فعال کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ہالی وڈ کی فلموں میں چینی اداکاروں کو ہمیشہ منفی کرداروں میں پیش کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم چند برس قبل صورت حال میں تبدیلی کا آغاز ہوا اور اب حال یہ ہے کہ چین ہالی وڈ کی فلموں کی سب سے بڑی عالمی مارکیٹ بن گیا ہے۔

دی موشن پکچر ایسوسی ایشن آف امریکا ( MPAA) ہالی وڈ کے چھے بڑے فلم اسٹوڈیوز کی نمائندہ ایسوسی ایشن ہے۔ ایم پی اے اے کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین، جاپان کو پیچھے چھوڑتے ہوئے امریکی فلموں کی سب سے بڑی عالمی مارکیٹ بن گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2012 ء میں چین میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی ہالی وڈ کی فلموں نے 3.30 ارب ڈالر کمائے جو 2011ء کے مقابلے میں 34 فی صد زیادہ ہے۔

2011ء میں ہالی وڈ کو چینی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی 2.70 ارب ڈالر رہی تھی۔ اس سے پہلے جاپان امریکی فلموں کی سب سے بڑی مارکیٹ تھا۔ پچھلے دو برسوں میں ہالی وڈ کی فلموں نے جاپان میں بالترتیب 2.4 اور 3 ارب ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

چین میں امریکی فلموں کی بڑھتی مقبولیت کا ایک سبب چینی فلموں کا روایتی ہونا ہے۔ چین میں فلم سازوں کو فلمی موضوعات کے اعتبار سے بہت زیادہ آزادی حاصل نہیں۔

دوسری جانب ہالی وڈ کی فلمیں متنوع موضوعات کی حامل ہوتی ہیں۔ چین میں فلمی صنعت سرکاری کنٹرول ہے اور ہالی وڈ کی فلمیں ایک مخصوص تعداد ہی میں ریلیز کی جاسکتی تھیں، تاہم گذشتہ برس سے اس تعداد میں اضافہ کردیا گیا جس کا نتیجہ فلموں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اضافے کی صورت میں برآمد ہوا ہے۔

ہالی وڈکو پروان چڑھانے اور اس کی بقا میں انٹرنیشنل فلمی مارکیٹوں کا کردار بہت اہم ہے۔ ایسی صورت میں ہالی وڈ کے لیے چین کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ ہالی وڈ اب چین کے زیراثر ہے، جس کا اندازہ اس امر سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ اب امریکی فلموں میں چینی کرداروں کو مثبت انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں چین کی مارکیٹ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے فلم اسٹوڈیوز اپنی فلموں میں چینی اداکاروں کو لازماً شامل کررہے ہیں۔

چینی اداکارہ لی بنگ بنگ نے سائنس فکشن تھرلر فلم Resident Evil: Retribution میں ایک سیکرٹ ایجنٹ کا کردار ادا کیا تھا اور اسے Resident Evil سیریز کی اگلی فلم میں بھی سائن کرلیا گیا ہے۔ اسی طرح ایک اور معروف چینی اداکارہ فین بنگ بنگ کو X-Men: Days of Future Pastمیں ایک اہم کردار میں منتخب کرلیا گیا ہے۔

جب کہ وہ Iron Man 3 کی کاسٹ میں بھی شامل ہے جو اسی ماہ ریلیز کی جارہی ہے، تاہم اس فلم میں فین کے رول کے بارے میں تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ گذشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم Cloud Atlas میں چینی سپراسٹار Zhou Xun نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ Looperمیں اداکارہ Xu Qing نے بروس ولس کی بیوی کے کردار میں شان دار پرفارمینس دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں