ہندی ڈرامے نہیں دیکھتی سنایا ایرانی

چھوٹے پردے کی مقبول اداکارہ سنایا ایرانی کی باتیں۔


Muhammad Imran April 01, 2013
چھوٹے پردے کی مقبول اداکارہ سنایا ایرانی کی باتیں۔ فوٹو : فائل

سنایا ایرانی چھوٹے پردے کی وہ اداکارہ ہے جس نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر مختصر وقت ہی میں ڈراما سیریلز کے ناظرین کو اپنا گرویدہ بنالیا۔

خوب صورت اداکارہ کے کیریئر کی شروعات ماڈلنگ سے ہوئی تھی۔ اس نے صف اول کے انڈین برانڈز کی تشہیری مہمات میں حصہ لیا۔ ان مہمات میں اس نے امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا جیسے سپراسٹارز کے ہمراہ ماڈلنگ کی۔ مصنوعات کی تشہیر کے ساتھ ساتھ بعدازاں اس نے میوزک ویڈیوز میں ماڈلنگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔

بیشتر اداکارائیں ٹیلی ویژن پر خود کو منوانے کے بعد فلم انڈسٹری کا رخ کرتی ہیں، مگر سنایا کے اداکارانہ کیریئر کا آغاز بڑے پردے سے ہوا تھا۔ 2006ء میں سنایا نے یش راج فلمز کی سپرہٹ فلم '' فنا '' میں ایک سپورٹنگ رول کیا تھا۔ عامر خان اور کاجول اس فلم کے مرکزی اداکار تھے۔ سنایا کا فلمی کیریئر بس ایک ہی فلم تک محدود رہا، اور '' فنا '' کے بعد وہ چھوٹے پردے کی طرف آگئی۔

سب ٹی وی کا '' لیفٹ رائٹ لیفٹ'' وہ ڈراما تھا جس میں سب سے پہلے خوب رُو اداکارہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس ڈراما سیریز میں سنایا نے ایک آرمی کیڈٹ سمیرا کا کردار بے حد مہارت سے ادا کیا تھا، جس پر اسے ستائش بھی ملی۔ اس کا اگلا ڈراما '' رادھا کی بیٹیاں کچھ کر دکھائیں گی'' تھا جو امیج ٹی وی سے نشر ہوا تھا۔ اس سیریل میں سنایا نے پہلی بار ایک منفی رول کیا تھا۔

بعدازاں اسے اسٹار پلس کے ڈرامے '' اس پیار کو کیا نام دوں؟'' کی ہیروئن کے طور پر منتخب کرلیا گیا۔ اس سیریل میں '' خوشی'' کے کردار نے اسے صحیح معنوں میں شہرت بخشی۔ یہ کردار آج بھی سنایا کی پہچان ہے۔ ڈیڑھ برس تک نشر ہونے کے بعد یہ سیریل گذشتہ نومبر میں اختتام پذیر ہوئی۔ سنایا کے پرستار اسے دوبارہ اسکرین پر دیکھنے کے لیے بے چین تھے۔

ان کی یہ بے چینی چند روز قبل شروع ہونے والی ڈراما سیریل'' چھن چھن'' کے بعد ختم ہوگئی ہے۔ یہ سیریل سونی اینٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن سے نشر ہورہی ہے۔ اس سیریل کے مرکزی اداکاروں میں سنایا کے علاوہ سپریا پاٹھک، نیا اداکار فرحان خان اور اننگ ڈیسائی شامل ہیں۔

نئی ڈراما سیریل میں اپنے کردار کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے سنایا نے کہا،'' چھن چھن آج کے دور کی لڑکی ہے۔ اس کا تعلق ایک تعلیم یافتہ اور روشن خیال گھرانے سے ہے۔ وہ تہذیب و اقدار سے آشنا ہے مگر معاشرتی روایات پر عمل نہیں کرتی۔ وہ اگرچہ دنیا کو بدلنے کی کوشش نہیں کرتی۔ پھر وہ ایک ایسے گھر کی فرد بن جاتی ہے جہاں سبھی لوگ روایات کی پاسداری کرتے ہیں۔

اب ناظرین سیریل دیکھ کر ہی جان پائیں گے کہ چھن چھن اس صورت حال سے کیسے نمٹتی ہے۔'' سنایا کا کہنا ہے کہ چھن چھن کا کردار اس کی اپنی شخصیت سے بھی مماثلت رکھتی ہے۔ اداکارہ کہتی ہے کہ ہم دونوں ہی کی فیملی ہنس مکھ اور زندہ دل ہے۔ سنایا اپنے کردار میں اپنے حقیقت کا رنگ بھرنے کی خواہش مند ہے کیوں کہ اس کے مطابق اس سیریل کی کہانی بھی حقیقی زندگی سے بہت قریب ہے۔ سنایا کو کتے اچھے لگتے ہیں اور یہی عادت اس کے کردار میں بھی پائی جاتی ہے۔

چھن چھن کچھ عجیب اور مزاحیہ سا نام ہے مگر سنایا کا کہنا ہے کہ اسے یہ نام سنتے ہی بہت پیارا لگا تھا کیوں کہ اس میں سب ہی کی توجہ حاصل کرلینے کی صلاحیت موجود ہے۔ '' چھن چھن'' کے ساتھ اداکارہ کو ایک اور ڈرامے میں بھی رول کرنے کی پیش کش ہوئی تھی، مگر انھوں نے دونوں ڈراموں کے نام سن کر فوراً اپنی بیٹی سے کہا کہ اسے '' چھن چھن'' کو منتخب کرنا چاہیے۔ سنایا کے مطابق اس کے والد زندہ دل اور خوش مزاج آدمی ہیں، اور روز صبح جب وہ سوکر اٹھتی ہے تو وہ اسے '' گڈ مارننگ چھن چھن'' کہہ کر چھیڑتے ہیں۔

'' چھن چھن '' کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ ڈراما ایک اور سیریل '' خوب صورت'' سے متاثر ہے۔ اس بارے میں سنایا کا کہنا تھا،'' وپل شاہ ( پروڈیوسر) نے اس سیریل کی کہانی سناتے وقت مجھ سے ایسی کوئی بات نہیں کہی تھی، اور نہ ہی میں کوئی سیریل سائن کرنے سے پہلے اس کے سلسلے میں ریسرچ کرتی ہوں۔ یہ بات واضح تھی کہ وہ ہر صورت مجھے اس رول میں دیکھنا چاہتے تھے۔ میرے لیے تو یہ ایک نیا آغاز ہے۔ میں ہندی ڈرامے نہیں دیکھتی اور نہ ہی میں نے '' خوب صورت'' دیکھا ہے۔

سونی اینٹرٹینمنٹ کی اس سیریل میں ہیرو کے رول کے لیے سنایا کے بوائے فرینڈ موہت سہگل نے بھی آڈیشن دیا تھا مگر بدقسمتی سے اس کا انتخاب نہیں ہوسکا۔ اس بات کا خاصا چرچا ہوا تھا۔ سنایا کہتی ہے کہ اس بات کو اس لیے غیرضروری طور پر اچھالا گیا کہ موہت میرا بوائے فرینڈ ہے۔ اس رول کے لیے پچاس افراد نے آڈیشن دیے تھے۔ ان میں میرے چار اور دوست بھی تھے مگر ان کے بارے میں کسی نے کچھ نہیں لکھا۔

نئے اداکار فرحان خان کے بارے میں سنایا کی رائے کچھ یوںہے،'' پہلے ہی دن میں اس کی پرفارمینس دیکھ کر حیران رہ گئی تھی۔ اگرچہ ہر نئے اداکار کی طرح اس کے اندر ابھی جھجھک موجود ہے مگر مجموعی طور پر وہ بہت اچھی اداکاری کر رہا ہے۔ سینیئر ہونے کی حیثیت سے جہاں ضرورت ہو میں بھی اس کی مدد کررہی ہوں۔ اس طرح اس کے ساتھ کام کرنے میں لطف آرہا ہے۔''

چھوٹے پردے کی سینیئر اداکارہ سپریا پاٹھک کے بارے میں اس سیریل سے پہلے سنایا کچھ نہیں جانتی تھی، کیوں کہ اس کا کہنا ہے کہ وہ ہندی ڈرامے نہیں دیکھتی۔ تاہم اب اس کا کہنا ہے کہ سپریا ایک بہترین اداکارہ ہے.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں