کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

کراچی کنگز کی جانب سے شاہد آفریدی اور عثمان شنواری نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔


ویب ڈیسک February 26, 2018
کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارا نے نصف سنچری اسکور کی۔ فوٹو: ٹوئٹر

TEHRAN: پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 27 رنز سے شکست دے دی۔

دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے آٹھویں میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 19ویں اوور میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سنیل نارائن اور کپتان برینڈن مکلم نے اننگز کا آغاز کیا مگر عثمان شنواری نے دوسری ہی گیند پر سنیل نارائن کو پویلین واپس بھیج دیا۔



پہلے اوور میں وکٹ گرنے کے بعد فخر زمان اور میکلم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 اووورز میں 68 رنز بٹورے، اس دوران میکلم نے 2 چھکے بھی لگائے مگر ساتویں اوور میں شاہد آفریدی نے فخرزمان کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 19 رنز بناسکے۔ اگلے ہی اوور میں میکلم بھی 30 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر عماد وسیم کا شکار بن گئے۔



بعد ازاں شاہد آفریدی نے اپنی جادوئی بولنگ سے لاہور قلندرز کی بیٹنگ کو تباہ کردیا، آفریدی نے پہلے عمر اکمل کو 6 اور پھر سہیل اختر کو 9 رنز پر آؤٹ کیا اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لے کر آئے جب کہ آغا سلمان بھی 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین دنیش رامدین بھی کافی دیر تک وکٹ پر موجود رہے مگر وہ خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 19 گیندوں پر صرف 11 رنز ہی بناسکے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شاہد آفریدی اور عثمان شنواری نے 3،3 جب کہ ملز نے 2 اور محمد عرفان جونیئر، عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جوئے ڈینلی اور خرم منظور نے اننگز کا آغاز کیا جب کہ لاہور قلندرز کی جانب سے سہیل خان نے پہلے اوور میں 9 رنز دیے۔



شاہین آفریدی کو دوسرے اوور میں 13 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی اس دوران ڈینلی نے انہیں پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا سب سے بلند چھکا بھی رسید کیا تاہم تیسرے ہی اوور میں یاسر شاہ نے انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔



مستفیض الرحمان نے نہ صرف تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے بابر اعظم کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کرکے لاہور کو بڑی کامیابی دلوائی بلکہ انہوں نے میڈن اوور بھی کیا۔ سنیل نارائن نے پانچویں اوور کی پہلی ہی گیند پر خرم منظور کو پویلین واپس بھیجا، وہ 8 رنز ہی بناسکے۔



کولن انگرام اور روی بوپارا نے چوتھی وکٹ کے لیے 50 رنز کی شراکت داری قائم کی، انگرام 28 رنز پر یاسر شاہ کا نشانہ بنے جب کہ محمد رضوان صرف ایک رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان عماد وسیم نے 17ویں اوور میں سہیل خان کو شاندار چھکا رسید کیا مگر اگلی ہی گیند پر سہیل خان نے انہیں پویلین واپس بھیج دیا، وہ 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔



عماد وسیم کے آؤٹ ہوتے ہی شاہد آفریدی وکٹ پر آئے اور پہلی ہی گیند پر زوردار چھکا رسید کیا مگر اگلی گیند پر سہیل خان نے انہیں بھی آؤٹ کردیا۔ روی بوپارا وکٹ پر موجود رہے اور آخری لمحات میں اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے محمد عرفان جونیئر کے ساتھ 42 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور اس دوران انہوں نے اننگز کی آخری گیند پر شاندار چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ ، سہیل خان اور سنیل نارائن نے 2،2 جب کہ مستفیض الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔