پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس سماعت کے لئے مقرر

پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 8 مارچ کو خصوصی عدالت میں ہوگی


ویب ڈیسک February 26, 2018
خصوصی عدالت کے رجسٹرار نے ضلعی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے لیے خط لکھ دیا فوٹو:فائل

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 8 مارچ کو ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 3 نومبر 2007 کے ماورائے آئین اقدامات اور ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے الزام میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی پر مشتمل خصوصی عدالت کا بنچ 8 مارچ کو کیس کی سماعت کرے گا، کیس کی سماعت وفاقی شریعت عدالت کی عمارت میں ہوگی جب کہ خصوصی عدالت کے رجسٹرار نے ضلعی انتظامیہ کو سیکیورٹی کے لیے خط بھی لکھ دیا ہے۔ 8 مارچ کو جائیداد ضبطی کے خلاف پرویز مشرف کی اہلیہ اور بیٹی کی درخواست بھی زیر سماعت ہوگی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی فوجی آمر کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کی کارروائی کا آغاز کیا تاہم کئی برس گزر جانے کے باوجود اس میں کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔