سعودی عرب میں مسلح افواج اور انتظامیہ میں اکھاڑ پچھاڑ

شاہ سلمان نے سعودی عرب کی بری فوج اور فضائیہ کے سربراہ برطرف کرکے نئے سربراہان مقرر کردیئے

ایئر فورس کے چیف آف اسٹاف اور کمانڈر کو ریٹائر کر دیا گیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ISLAMABAD:
سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان نے مسلح افواج اور انتظامیہ میں اعلیٰ ترین سطح پر برطرفیاں اور تقرریاں کی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے جاری فرمان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عوض سحیم اور بری فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیاں کو ان کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے جبری طور پر ریٹائر کردیا ہے۔ جنرل سحیم کی جگہ میجر جنرل فیاض بن حامد الرویلی جب کہ فواد الروائلی کو لیفٹیننٹ جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیاں کی جگہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔


دوسری جانب خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک شاہی فرمان کے ذریعے شہزادہ فہد بن بندر بن عبدالعزیز کو ان کے عہدے سے بٹا کر شہزادہ بندر بن سلطان بن عبدالعزیز کو الجوف کا گورنر مقرر کردیا ہے۔ سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ شہزادہ فہد بن بندر کو ان کی اپنی درخواست پر گورنر کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے تاہم وہ خادم الحرمین الشریفین کے مشیر کے مددگار ہوں گے اور ان کا عہدہ وزیر کے مساوی ہو گا۔

شاہ سلمان نے شہزادہ ترکی بن طلال بن عنداالعزیز کو عسیر ریجن کا گورنر مقرر کیا ہے، ان کا عہدہ بھی وزیر کے مساوی ہو گا۔ شہزادہ فیصل بن فہد بن مقرن بن عبدالعزیز کو حائل ریجن کا نائب گورنر جب کہ شہزادہ سلطان بن احمد بن عبدالعزیز کو شاہی دیوان کورٹ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کی کابینہ میں وزارت محنت وسماجی ترقی میں نائب وزیر کا عہدہ تخلیق کرکے ڈاکٹر تماضر بنت الرماح کو سونپا گیا ہے، ڈاکٹر تماضر ایک سیکرٹری سے نائب وزیر کے عہدے پر ترقی پانے والی دوسری خاتون ہیں۔
Load Next Story