کترینہ اور دیپکا آؤٹ کرینہ کپور فلم ’’شودھی‘‘ میں ہریتک کی ہیروئن بنیں گی

نئی فلم میں مختلف نظر آؤنگی، اداکارہ نرگس اور مینا کماری کی زبردست مداح ہوں، فلم ’’رفیوجی‘‘سے لیکرابتک کیرئیر میں۔۔۔


Showbiz Desk April 02, 2013
نئی طرز کا کردار نبھانا بھی ایک رسک ہوتا ہے، ایسا رسک آنے والی فلموں میں بھی لیتی رہوں گی، 32 سالہ بالی وڈ اداکارہ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپورکو فلمساز کرن ملہوترا کی فلم ''شودھی ''میں کاسٹ کرلیا گیا ہے قبل ازیں ان کی جگہ کترینہ کیف اور دیپکا پڈوکون کو لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر اب حتمی طورپر دیپکا اور کترینہ اس پراجیکٹ سے آؤٹ ہوگئی ہیں۔

ان کی جگہ کرینہ کپور لیڈنگ لیڈی رول کے لیے کاسٹ کرلی گئی ہیں ۔اس فلم میں کرینہ کپور ہریتک روشن کی ہیروئن بنیں گی۔ کرینہ اور ہریتک10 برسوں بعد پھر کسی فلم میں ایکساتھ پرفارم کررہے ہیں ۔قبل ازیں کرینہ نے کہا ہے کہ کیرئیر کے دوران ہر طرح کا کردار نبھایا ہے ،نئے کرداروں کے لیے رسک لیا جاتا ہے اور اس طرح کا رسک میں آئندہ بھی لیتی رہوں گی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر فلم میں مختلف نظر آنے کی خاطر اپنے ہر نئے کردار پر بڑی محنت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی فلم میں مختلف نظر آؤں گی۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ سال شادی اور فلموںکی کامیابی سمیت متعدد خوشیاں نصیب ہوئی ہیں،یہ سال بے شمار خوشیاں لایا۔ انٹرویو کے دوران انھوں نے بتایا کہ2000 میں فلم ''رفیوجی ''سے لے کر اب تک مختلف کردار نبھائے اور ہر کردار کو مختلف انداز میں کرکے شائقین کے دل جیتے ہیں ۔مداحوں کی محبت نے ہی مجھے اتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کیا ہے اور میں آج بھی تازہ دم نئی فلموں کے لیے کام کررہی ہوں۔

کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ ہر نئے کردار کو سائن کرتے وقت کچھ رسک بھی لینا پڑتا ہے ہر نئے کام میں رسک تو پھر ہوتا ہی ہے اور میں نے اپنے کیرئیر کے دوران شائد سب سے زیادہ رسک لیے۔ 32 سالہ اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ نئی فلم'' شودھی''میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں ۔انھوں نے کہا کہ رواں سال اگست میں ریلیز ہونے والی نئی فلم میںخاتون جرنلسٹ کا کردار نبھارہی ہوں اس سے قبل بھی ٹی وی رپورٹر کا کردار نبھایا ہے تاہم اس فلم میں لیڈنگ لیڈی رول میں جلوہ گر ہونگی۔

کرینہ کپور نے کہا ہے کہ شادی کے بعد اپنی روٹین کی شوبز سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہوں ،سیف علی خان کے ساتھ بہت خوش ہوں۔21 ستمبر 1980 کو کپور خاندان کے اہم اداکار رندھیر کپور اور ببیتا کے گھر میں پیدا ہونے والی کرینہ کو پیار سے بے بو بھی کہا جاتا ہے ۔کرینہ بھارت کے نامور فلمساز و اداکار راج کپور کی پوتی ہیں ،رشی کپور ان کے چچا ہیں ۔کرشمہ کپور بڑی بہن ہیں ۔کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی فلموں کی دلدادہ رہی ہیں ،نرگس اور مینا کماری کی فلمیں بڑے شوق سے دیکھیں اور ان کی زبردست مداح بھی ہیں۔



اداکارہ نے گریجوایشن کے بعد کامرس کا مضمون رکھ لیا اور دو سال پڑھنے کے بعد لاء کالج میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے لگیں ،اور ایک سال لاء پڑھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ اداکاری کرنے کے منصوبے پر عمل کرنا ضروری ہے ۔ کرینہ کپور نے اندھیری ایکٹنگ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لے کر اداکاری سیکھنا شروع کردی ۔واضح رہے کہ اداکارہ کی 2000 ء میں پہلی فلم'' رفیوجی ''ریلیز ہوئی جس میں انھوں نے اپنی بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔

2001 میں فلم ''مجھے کچھ کہنا ہے''، ''یادیں''، ''اجنبی'' ، ''اشوکا'' ، ''کبھی خوشی کبھی غم'' 2002 میں فلم ''مجھ سے دوستی کروگی''، ''جینا صرف میرے لیے ''2003میں فلم ''تلاش''،''میں پریم کی دیوانی ہوں''، ''ایل اوسی کارگل'' 2004میں ''چمیلی'' ،''یوو'' ، ''فدا''، ''اعتراض''، ''ہلچل''2005 میں فلم ''بے وفا''، ''کیونکہ''،''دوستی ''جب کہ 2006 میں فلم ''36چائنا ٹاؤن''، ''چپکے چپکے''، ''اومکارا''اور فلم ''ڈان ''میں پرفارم کیا۔ 2007کے دوران فلم''کیا لو اسٹوری ہے''، ''جب وی میٹ''میں کام کیا، 2008 میں فلم ''ہلہ بول'' ، ''تلاش''،''روڈ سائیڈ رومیو''اور فلم ''گول مال ریٹرنز''میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

2009 میں فلم ''لک بائی چانس''، ''بلیو'' ، ''کمبخت عشق'' اور فلم ''تھری ایڈیٹس''میں فن کا جادوجگایا۔ 2010 میں فلم''ملیں گے ملیں گے'' ، ''وی آر فیملی '' اور ''گول مال تھری''میں صلاحیتوں کا اظہار کیا۔ 2011میں فلم ''باڈی گارڈ''، ''را۔ون'' میں عمدہ کام کرکے داد پائی ، 2012 میں اداکارہ کرینہ کپور نے فلم''اک میں اور اک تو''،''راؤڈی راٹھور''،''ہیروئن ''، ''ایجنٹ ونود'' اور ''تلاش ''فلم میں جلوہ گرہوئیں۔ اداکارہ کرینہ کی دو آنیوالی فلموں میں ایک ''دبنگ ٹو ''ہے جس میں ان کی مختصر آمد ہوگی۔

اس فلم کے لیے آئٹم سانگ پرفارم کیا ہے۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کے اس سانگ پر پرفارمنس سے ایک بار پھر دھوم مچادوںگی ۔جب کہ پرکاش جھا کی فلم ''ستیہ گرہ'' میں ایک ٹی وی رپورٹر کا کردار نبھارہی ہیں اس تھرلر ایکشن ،پولیٹکل فلم کا آئیڈیا منفرد ہے اور کرینہ کا اس میں نہایت اہم کردار ہوگا ۔یہ فلم اگست 2013 کو ریلیز کی جائے گی ۔کرینہ کی فلم ''شودھی'' اکتوبر 2014میں ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں