پنجاب سے لاکھوں ٹن گندم کی ایکسپورٹ کے معاہدوں پر دستخط

سمندری راستے سے8 لاکھ90 ہزار ٹن گندم ایکسپورٹ کے 12اورزمینی راستے سے85 ہزار ٹن کے100 معاہدوں پر دستخط

سیکریٹری فوڈکاایکسپورٹرز کو ری بیٹ کی جلد ادائیگی یقینی بنانے کیلیے وفاق اوراسٹیٹ بینک حکام سے رابطہ۔ فوٹو : فائل

محکمہ خوراک پنجاب نے سمندری و زمینی راستے سے گندم ایکسپورٹ کے 114معاہدے کر لیے۔

محکمہ خوراک پنجاب نے گزشتہ روز تک سمندری و زمینی راستے سے گندم ایکسپورٹ کے 114معاہدے کر لیے، سمندری راستے سے 8 لاکھ90 ہزار ٹن گندم ایکسپورٹ کے 12 معاہدوں پر گزشتہ روز دستخط ہوئے جبکہ بقایاکم وبیش 100 معاہدوں کے ذریعے زمینی راستے سے85ہزارٹن گندم ایکسپورٹ کی جائے گی،سمندری راستے سے ایکسپورٹ کے 2معاہدوں پر دستخط منگل کوہوں گے۔

 


سیکریٹری فوڈ پنجاب شوکت علی اور ڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودھی نے ایکسپورٹرز کو معلومات اور معاہدوں کی تکمیل کی بروقت سہولتوں کی فراہمی کے لیے فوڈ ڈائریکٹوریٹ میں ''ایکسپورٹ سیل'' قائم کردیا ہے جس کا انچارج سینئر ڈپٹی ڈائریکٹر شبیر علوی کو بنایا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ برآمدی عمل کو شفاف بنانے کیلیے درخواست وصولی ، اندراج اور دیگر مراحل کو بلاتاخیر اور کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے جبکہ ایکسپورٹ برانچ میں برآمدکنندگان کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

سیکریٹری فوڈ شوکت علی نے ایکسپورٹرز کو ری بیٹ کی جلد از جلد ادائیگی اور زرضمانت بلا تاخیر ریلیز کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی سیکریٹری خزانہ اور اسٹیٹ بینک حکام سے رابطہ کیا ہے، سیکریٹری فوڈ اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کے لیے چند روز میں کراچی جائیں گے جہاں وہ ایکسپورٹ مکمل ہونے کے بعد ایکسپورٹ دستاویزات کی تصدیق اور اسٹیٹ بینک کے این او سی کا ٹائم فریم طے کریں گے۔

 
Load Next Story