جنگل کا شہزادہ

تیز ترین حیوان کے دلچسپ حقائق۔


February 27, 2018
تیز ترین حیوان کے دلچسپ حقائق۔ فوٹو: سوشل میڈیا

چیتا دنیا کا سب سے تیز رفتار جانور ہے۔ یہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتا ہے۔ آج اس حیوان کے متعلق دلچسپ حقائق پیش ہیں۔

٭... چیتے دہاڑتے نہیں

یہ شیر اور ٹائگر کی طرح دہاڑ نہیں پاتے۔ وہ بلیوں کی طرح بولتے اور غراتے ہیں۔ بہت سے چیتوں کو بھونکتے بھی دیکھا گیا ہے۔ مگر خاص بات یہی ہے کہ وہ دہاڑ نہیں پاتے۔ان کے لیے رات میں دیکھ لینا مشکل ہوتا ہے۔ رات میں چیتوں کی حالت انسانوں جیسی ہی ہوتی ہے۔ اسی لیے چیتے صبح کے وقت یا دوپہر کے بعد شکار کرتے ہیں۔ چیتوں کو درختوں پر چڑھنے میں بھی دقت ہوتی ہے۔

٭... ایران میں بھی رہتے ہیں

جست لگاتے ہوئے چیتے کا تصور کرتے ہی آپ کو افریقی جنگلوں کا خیال آتا ہوگا کیونکہ عام خیال یہ ہے کہ باقی دنیا سے یہ ناپید ہو چکے۔لیکن یہ مکمل طور پر درست نہیں ۔ آج بھی ایران میں 60 سے 100 کے درمیان چیتے پائے جاتے ہیں۔ یہ وسطی ایران کے پہاڑی علاقوں میں رہتے ہیں۔ایک وقت تھا جب چیتے بھارت، پاکستان اور روس کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں بھی پائے جاتے تھے۔

ایشیائی چیتے کے سر اور پاؤں چھوٹے ہوتے ہیں۔کھال اور روئیں موٹے ہوتے ہیں۔ افریقی چیتوں کے مقابلے میں ان کی گردن بھی موٹی ہوتی ہے۔ ایشیائی چیتے بہت بڑے دائرے میں زندگی بسر کرتے ہیں جبکہ عام طور پر یہی سمجھا جاتا ہے کہ چیتے چھوٹے سے علاقے تک محدود رہتے ہیں۔

٭... زیادہ تر بچے مر جاتے ہیں

چیتوں کے بچے بڑی مشکل سے بچتے ہیں۔ یہ اس جانور کے ختم ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ افریقہ میں ہونے والے ایک تجربے سے پتا چلا ہیکہ چیتوں کے 95 فیصد بچے بالغ ہونے سے پہلے ہی مر جاتے ہیں۔ یعنی چیتے کے 100 بچوں میں سے پانچ ہی بڑے ہونے تک زندہ رہتے ہیں۔چیتوں کے بچوں کے مرنے کی وجہ شکاری جانور ہیں۔ ان میں شیر، لگڑبگھے، ببون اور شکاری پرندے شامل ہیں۔ ساتھ ہی چیتوں کے رہائش والے علاقوں میں انسانی مداخلت سے بھی ان کی تعداد گھٹ رہی ہے۔عرب ممالک میں چیتوں کے بچوں کو پالنے کے لیے خریدا جاتا ہے۔ ان کی قیمت دس ہزار ڈالر تک جاتی ہے۔ یہ بھی چیتوں کے خاتمے کی بڑی وجہ ہے۔

٭... دوڑتے وقت ہوا میں

چیتوں کے بارے میں سب سے زیادہ مشہور بات ان کی رفتار ہے لیکن اس کے متعلق مختلف دعوے کیے جاتے ہیں۔ چیتے 95 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتے ہیں۔ یہ رفتار دنیا کے سب سے تیز رفتار ایتھلیٹ یوسین بولٹ سے دوگنی ہے۔ چیتا جب پوری طاقت سے دوڑ رہا ہو تو سات میٹر تک لمبی چھلانگ لگا سکتا ہے۔سات میٹر یعنی 23 فٹ لمبی چھلانگ! اور چیتے یہ رفتار تین سیکنڈ میں حاصل کر لیتے ہیں۔ اچھی سے اچھی سپورٹس کار کو بھی اتنی رفتار حاصل کرنے میں چھ سیکنڈ لگ جاتے ہیں۔مگر چیتے اتنی تیز رفتاری سے زیادہ دیر نہیں دوڑ پاتے اور ان کے پاس شکار کے لیے صرف بیس سیکنڈ ہوتے ہیں۔

٭... مادہ تنہا رہتی ہے

مادہ چیتے کی زندگی پُر خطر اور چیلنج سے بھری ہوتی ہے۔ اسے اوسطاً نو بچوں کو تنہا پالنا پڑتا ہے۔ مطلب یہ ہوا کہ اسے ہر دوسرے روز شکار کرنا ہوتا ہے ورنہ وہ بچوں کا پیٹ کس طرح بھر پائے گی؟شکار کے دوران اسے اپنے بچوں کی نگرانی بھی کرنی پڑتی ہے، تاکہ انھیں خطرناک جانوروں سے بچایا جا سکے۔ چھوٹے بچوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا بھی مادہ چیتوں کے لیے چیلنج بنتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں