دودھ کے نام پرعوام کو پانی پلایا جارہا ہے سندھ ہائی کورٹ

جس دن عوام کو اپنے حقوق کا خیال آگیا اس دن سارے مسئلے حل ہو جائیں گے، عدالت


ویب ڈیسک February 27, 2018
جس دن عوام کو اپنے حقوق کا خیال آگیا اس دن سارے مسئلے حل ہو جائیں گے، عدالت فوٹو:فائل

HYDERABAD: سندھ ہائی کورٹ کے ججز نے دودھ کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ دودھ کے نام پرعوام کو پانی پلایا جارہا ہے۔

جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ دودھ ریٹیلرز نے مؤقف اختیار کیا کہ 85 روپے لیٹر قیمت پر دودھ فروخت کرنے سے انہیں مالی نقصان ہورہا ہے۔ کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ قیمت فریقوں کی مشاورت سے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ہائیکورٹ کا کراچی میں دودھ 85 روپے کلو فروخت کرنے کا حکم

دوران سماعت ججز نے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ اپنی قیمتوں کے لئے لڑرہے ہیں، کیا صارفین کا بھی کسی کو خیال ہے، دودھ کے نام پرعوام کو پانی پلایا جارہا ہے۔ انشاءاللہ عوام میں ضرور شعور آئے گا، جس دن عوام کو اپنے حقوق کا خیال آگیا اس دن سارے مسئلے حل ہو جائیں گے، یہاں سب اداروں کے نمائندے ہیں عوام کا نمائندہ کون ہے۔ عدالت نے ڈیری ایسوسی ایسن کے وکیل سے استفسار کیا کہ دودھ کا معیار جانچنے کا کیا طریقہ کار ہے؟۔ اس پر کمرہ عدالت میں سناٹا چھا گیا۔

عدالت نے کمشنر کراچی کو حکم دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کرکے قیمت طے کی جائے اور 3 ہفتے میں معاملہ نمٹائے جائیں۔ عدالت نے فریقین کو اپنی سفارشات تحریری طور پر پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔