میٹرک کے امتحانی مراکز کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

کے ایم سی کی منقولہ وغیر منقولہ جائیداد اور اثاثے کا ریکارڈ مرتب کیا جائے، سید ہاشم رضا زیدی


Staff Reporter April 02, 2013
کے ایم سی کی منقولہ وغیر منقولہ جائیداد اور اثاثے کا ریکارڈ مرتب کیا جائے، سید ہاشم رضا زیدی فوٹو: فائل

کمشنر کراچی سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ 8 اپریل2013 سے شروع ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی مراکز پر اسٹاف اور سینٹرز کی سیکیورٹی، امتحانی پرچوں اور میٹریل کی بورڈ سے امتحانی مراکز تک اور امتحانی مراکز سے بورڈ آفس تک بحفاظت ترسیل اور حساس امتحانی مراکز پر رینجرز کے گشت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وہ میٹرک کے امتحانات کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں چیئرمین بورڈ فصیح الدین، کنٹرولر ایگزامنیشن نعمان احسن اور دیگر بھی موجود تھے، انھوں نے ہدایت کی کہ امتحانات منصفانہ اور شفاف بنانے کیلیے امتحانی مراکز کے گرد دفعہ 144لگادی جائے اور نزدیکی فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں کو ایک رات قبل بند کر دیا جائے۔



کسی بھی مرکز پر گڑبڑ کی صورت میں کنٹرول روم نمبر ز99205605-99203443 پر رابط کیا جا سکتا ہے، دریں اثنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ کے ایم سی کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ، اثاثہ جات اورتمام مشینری کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اوراس کی کمپیوٹرائزڈفہرستیں تیار کی جائیں تاکہ دوسرے ادارے انہیں اپنے استعمال میں نہ لا سکیں اور حقوق ملکیت کے دعویدار نہ ہوں، بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ فنانس نے تمام دوسرے محکموں کو ایسٹس مینجمنٹ فارم تیار کرکے روانہ کردیے ہیں۔

پہلے مرحلے میں غیر منقولہ جائیداد جن میں بلدیہ عظمیٰ کی مختلف عمارتیں، دفاتر، مارکیٹیں، کھیل کے میدان ، پارکس ، اسپتال اور دیگر شامل ہیں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں، جائیداد کی فہرستیں مرتب ہونے کے بعد اس بات کا تعین بھی ہوسکے گا کہ بلدیہ عظمیٰ کے پاس کتنی زمین اور عمارتیں موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔