فائرنگ اور آتشبازی سے روکنے پر باراتیوں نے پولیس افسر کو پیٹ دیا

اہلکار سے اسلحہ چھین کر باراتی تھانے میں گھس گئے، سپاہیوں کو بھی زدوکوب کیا گیا۔


Staff Reporter April 02, 2013
پولیس نے ہال منیجر سمیت تینوں دلہا کو حراست میں لے لیا، خواتین کا بلال کالونی تھانے کا گھیراؤ۔

بلال کالونی میں بارات کی آمد پر فائرنگ اورآتش بازی سے روکنے پر باراتیوں نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔

تھانے میں توڑ پھوڑ کی، ایس ایچ او اور سپاہیوں کو زدوکوب بھی کیا جبکہ ایک سپاہی سے اس کا اسلحہ بھی چھین لیا ، پولیس نے 3 دلہا حراست میں لے لیے جس پر خواتین نے تھانے کا گھیراؤ کرلیا ، طویل مذاکرات کے بعد پولیس نے دلہا رہا کردیے جبکہ ہنگامہ آرائی کے الزام میں 8 افراد اور شادی ہال کو رات گئے تک کھولنے کے جرم میں ہال کے منیجر کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق اتوارکو رات گئے بلال کالونی تھانے سے متصل مون سون شادی ہال میں 3 باراتیں پہنچیں جوکہ جہانگیر آباد سے آئی تھیں اور تینوں رشتے دار تھے، اس موقع پر باراتیوں نے ہوائی فائرنگ کی اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا ،اس دوران ایک پولیس اہلکار نے انھیں منع کیا جس پر باراتی مشتعل ہوگئے اور اسے زدوکوب کیا، اس کا اسلحہ بھی چھین لیا،اس دوران متعدد باراتی تھانے میں گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی،ڈی ایس پی طاہر خان کے مطابق باراتیوں نے تھانے میں گھس کر عملے کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ایس ایچ اوسمیت متعدد سپاہی زخمی ہوگئے۔



پولیس نے ہال پر پہنچ کر تینوں دلہا کو حراست میں لے لیا جس پر باراتی مزید مشتعل ہوگئے ،خواتین نے تھانے کا گھیراؤ کرلیا ، بعدازاں طویل مذاکرات کے بعد پولیس نے دلہا تو چھوڑ دیے لیکن ہنگامہ آرائی کرنے والے 8 افرادکوگرفتار کرلیا ، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ رات 12بجے کے بعد تک ہال کھولے رکھنے پر مون سون شادی ہال کے منیجر وسیم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بلال کالونی پولیس کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرکے شادی ہال کے منیجر محمد وسیم ولد محمد نعیم اور 8 باراتی محمد حامد ، یامین ، عارف ، زبیر ، دلشاد ، شیزان ، شاہد اور محمد شہرم کو گرفتار کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے وقت متعدد افراد نشے میں دھت تھے

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں