چوکوں چھکوں کی برسات نے شارجہ کا رخ کر لیا

ایک دن آرام کے بعد آج دوسرے وینیو پر اسلام آباد یونائیٹڈ اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی


Numainda Khususi/Saleem Khaliq February 28, 2018
دبئی میں منعقدہ ابتدائی مرحلے میں کراچی کنگز نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، فوٹوفائل فوٹو: سوشل میڈیا

چوکوں، چھکوں کی برسات نے شارجہ کا رخ کرلیا دبئی میں 8 میچز مکمل ہونے پر ایک دن آرام کے بعد بدھ کو دوسرے وینیو پر ایکشن کا آغاز ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بدھ کو مقابل ہونگے، چھوٹے میدان پر بڑے اسکور بننے اور اسٹیڈیم میں شائقین کی رونقوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔ پہلے مرحلے میں کراچی کنگز نے فتوحات اور لاہور قلندرز نے شکستوں کی ہیٹ ٹرک کرلی، ملتان سلطانز2،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد ایک ایک فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ابھی تک ٹاپ تھری بیٹسمینوں میں سنگا کارا (126)، شعیب ملک(125)، ڈیرن سمتھ (125) شامل ہیں، بولرز میں عمران طاہر 7، شاہد آفریدی 6، جوفرا آرچر، محمد عرفان، جنید خان، ابتسام شیخ، ٹائمل ملز 5،5 شکار کر چکے، شاہد آفریدی، جوئے ڈینلی، شاہین آفریدی اورعمراکمل کے شاندارکیچ یادگار رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ تھری کا دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا، گزشتہ روز آرام کا دن تھا، بدھ سے شارجہ میں چوکوں، چھکوں کی برسات شروع ہوگی،ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں ٹریفک مسائل کی وجہ سے پورا اسٹیڈیم نہیں بھر سکا، بعد ازاں میچز کے دوران بھی اسٹینڈز خالی نظر آتے رہے، شارجہ میں میچز کے دوران عام طور پر رونقیں زیادہ ہوتی ہیں، امید ہے کہ یہاں اچھا کراؤڈ دیکھنے کو ملے گا، یہاں کے چھوٹے گراؤنڈ پر بڑے اسکورز بھی متوقع ہیں، دوسرے مرحلے میں شارجہ میں 7 میچز کھیلے جائیں گے، ایونٹ کا 9 واں مقابلہ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

دبئی میں کھیلے جانے والے 8 میچز کے بعد کراچی کنگز تینوں میچز میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے 6 پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پر موجود ہے، نئی فرنچائز ملتان سلطانز 3 میں سے2 میچز جیت کر دوسرے نمبر پر ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 2 میچز میں سے ایک کامیابی کی بدولت تیسری پوزیشن پر ہے، پشاور زلمی 3 میچز میں ایک فتح کے ساتھ چوتھے، اسلام آباد یونائیٹڈ ایک فتح اور ایک شکست کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ لاہور قلندرز ابتدائی تینوں میچز میں ناکام رہے اوربغیرکوئی پوائنٹ حاصل کیے آخری پوزیشن پر ہیں۔

یاد رہے کہ دبئی میں افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں 7 وکٹ سے شکست ہوئی، محمد حفیظ 59 کی مدد سے 6 وکٹ پر 151 رنز بنانے والی ڈیرن سیمی الیون ہدف کا دفاع نہ کر پائی، سنگا کارا 57 اور شعیب ملک کے ناقابل شکست42 رنز نے فتح میں اہم کردار ادا کیا، دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کولن انگرام 41 کی مدد سے 9 وکٹ پر 149 رنز بنائے، شین واٹسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

2 بار کے فائنلسٹ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 9 وکٹ پر 130تک محدود رہے، عماد وسیم، ٹائمل ملز، محمد عرفان جونیئر 2،2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف 5 وکٹ پر دبئی میں پہلے مرحلے کا سب سے بڑا مجموعہ 179 حاصل کیا، بھرپور فارم میں نظر آنے والے سنگا کارا 63، شعیب ملک 48 نمایاں رہے، 3 وکٹ پر 105 رنز بنانے والی لاہور قلندرز نے چوتھا نقصان ٹاپ سکورر فخر زمان( 49) کی صورت میں اٹھانے کے بعد 136 پر ہمت ہاری، جنید خان، عمران طاہر 3،3، محمد عرفان، کیرن پولارڈ 2،2 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پی ایس ایل ون کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار مصباح الحق کے بغیر میدان میں اتری، پشاور زلمی نے کامران اکمل کی ففٹی سے تقویت پاتے ہوئے 6 وکٹ پر 176 رنز جوڑ کر رومان رئیس کی قیادت میں کھیلنے والی حریف ٹیم کو 9 وکٹ پر 142 تک محدود رکھا، 9 ویں نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے فہیم اشرف کی جارحانہ ففٹی کسی کام نہ آئی، ڈیبیو میچ میں عمید آصف 4، ابتسام شیخ 3 وکٹیں لے اڑے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 9 وکٹ سے آسانی سے ایونٹ میں پہلی فتح سمیٹی، برینڈن میک کولم الیون 9 وکٹ پر 119 رنز بنا سکی، جوفرا آرچر 3، محمد نواز 2 وکٹیں لے اڑے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شین واٹسن 66، اسد شفیق کے ناقابل شکست 38 رنز کی بدولت ہدف ایک وکٹ پر حاصل کر لیا۔اگلے میچ میں مسلسل 2 فتوحات حاصل کرنے والے ملتان سلطانز 5 وکٹ پر 117 رنز بنا پائے، شعیب ملک کے 35 رنز شامل تھے، رومان رئیس 3، محمد سمیع اور آندرے رسل 2،2وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ابتدا میں ڈگمگانے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے حسین طلعت 48 کی مدد سے ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، عمران طاہر 3 وکٹیں لینے کے باوجود شکست کو نہ ٹال سکے۔

کراچی کنگز نے اپنے دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کی، ڈیوائن سمتھ 71 ناٹ آؤٹ کے سوا پشاور زلمی کے صرف 2 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل ہوئے، ٹیم کا مجموعہ 9 وکٹ پر 131 رہا، محمد عامر، شاہد آفریدی 2،2 وکٹیں لے اڑے، عماد وسیم الیون نے ہدف 5 وکٹ پر آخری اوور میں حاصل کیا، کرس جورڈن اور ابتسام شیخ کی 2،2 وکٹیں کسی کام نہ آئیں۔ دبئی میں پہلے مرحلے کے آخری میچ میں کراچی کنگز نے فتوحات جبکہ لاہور قلندرز نے شکستوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، عماد وسیم الیون نے روی بوپارا کی ناقابل شکست ففٹی کی مدد سے 7 وکٹ پر 159 بنائے، سہیل خان، یاسر شاہ، سنیل نارائن 2،2وکٹیں لے اڑے، جواب میں کپتان برینڈن میک کولم کے 44 رنز کے بعد لاہور قلندرز کی بیٹنگ استحکام کو ترس گئی، پوری ٹیم 132 پر ڈھیر ہوئی، عثمان خان شنواری اور شاہد آفریدی 3،3 شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

دبئی میں ہونے والے مقابلوں میں سنگا کارا (126)، شعیب ملک(125)، ڈیرن سمتھ (125) ٹاپ تھری بیٹسمین ہیں، بولرز میں عمران طاہر 7، شاہد آفریدی 6، جوفرا آرچر، محمد عرفان، جنید خان، ابتسام شیخ، ٹائمل ملز 5،5 شکار کر چکے ہیں۔پہلے مرحلے کے میچز میں بہترین فیلڈنگ کا مظاہرہ بھی دیکھنے میں آیا، شاہد آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر امین کا باؤنڈری پر کیچ تھامنے کیلیے بڑی حاضر دماغی کا مظاہرہ کیا اور بھرپور داد سمیٹی، پیر کو کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کولن انگرام کو میدان بدر کرنے کیلیے لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے والی بال کے انداز میں باؤنڈری سے باہر جاتی گیند اندر پھینکی جسے عمر اکمل نے ڈائیو لگاتے ہوئے اچک لیا، دنیش رامدین کو پویلین بھیجنے کیلیے پوائنٹ پر موجود جوئے ڈینلی نے چیتے کی لپک کے ساتھ مشکل ترین کیچ تھاما، اس کو رواں پی ایس ایل میں ابھی تک کی بہترین کوشش قرار دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |