این آئی سی ایل کیس امین فہیم اور ان کے سابق سیکریٹری کی گرفتاری کا حکم

وفاقی انسداد بدعنوانی عدالت نے امین قاسم داداو دیگر کو 12اپریل کو پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی،

کورنگی میں 10 ایکڑ اراضی 9کروڑ فی ایکڑ کے حساب سے خریدی اصل قیمت 4کروڑ تھی، ایاز نیازی کو تقاضے پورے کیے بغیر چیئرمین بنایا گیا فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاقی انسداد بدعنوانی کی عدالت کے انچارج جج ثناء اﷲ خان غوری نے این آئی سی ایل میں کروڑوں روپے کی بدعنوانی کیس میں نامزد سابق وفاقی وزیر کامرس وپاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء مغدوم امین فہیم ، سابق سیکریٹری کامرس سلمان غنی ، امین قاسم دادا و دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انکی گرفتاری کا حکم دیا ہے اور 12 اپریل کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو ایف آئی اے حکام نے این آئی سی ایل بدعنوانی کیس میں ضمنی چالان جمع کرادیا ہے چالان میں مذکورہ شخصیات کو ضابطہ فوجداری کی ایکٹ 512کے تحت مفرور قرار دیا تھا چالان میں 72گواہوں کا اندراج کیا گیا ہے ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے اگست 2009کو کورنگی کے علاقے میں دس ایکڑ اراضی 9کروڑ روپے فی کے ایکڑ کے حساب سے 90کروڑ روپے میں خریدی تھی ۔




جبکہ اراضی کی اصل قیمت 4کروڑ فی ایکڑ تھی جسکی کل رقم 40 کروڑ روپے تھی ایف آئی حکام نے 16نومبر 2010 کو سیکریٹری منسٹری کامرس حکومت پاکستان ظفر محمود کی درخواست پر تحقیقات کی تھی، سیکریٹری کامرس سلمان غنی پر الزام ہے کہ سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کی سفارش پر اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے قانونی تقاضے مکمل کیے بغیر ایاز خان نیازی کو چیئرمین این آئی سی ایل کا چیئرمین مقرر کیا تھا ، جس نے ضمانت پر رہا دیگر افسران کے ساتھ ملکر 50کروڑ روپے کی خرد برد کی تھی ، ایف آئی اے نے ضمنی چالان میں مخدوم امین فہیم اور مخدوم جمیل زمان کے جوائنٹ اکاونٹ کا انکشاف کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مذکورہ رقم تین حصوں میں تقسیم کی تھی 30 ستمبر2009کو این آئی سی ایل کے خواجہ اکبر بٹ مرحوم نے 4کروڑ دس لاکھ روپے مخدوم امین فہیم کے حصے کی رقم ان کے جوائنٹ اکاونٹ m050527253میں منتقل کی تھی ایف آئی اے نے انکی اہلیہ رضوانہ امین اور مخدوم جمیل الدین کے بھی اکاؤنٹ کا انکشاف کیا ہے ۔

عبوری چالان جمع ہونے کے بعد 23 نومبر 2010کو سابق چیئرمین ایاز خان نیازی نے خود عدالت میں گرفتاری پیش کردی تھی اس دوران ایف آئی اے حکام نے کچھ رقم بھی واپس حاصل کرلی تھی، چالان میں این آئی سی ایل کے جی ایم محمد ظہور، اعجاز احمد شیخ ، خواجہ اکبر بٹ ، سید محمد اقبال ، زاہد حسین زیدی سمیت دیگر کو ملوث کیا ہے جبکہ امین فہیم، جاوید سعید سلمان غنی، امین قاسم دادا کو مفرور قرار دیا ہے۔عدالت نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیدیا ہے۔
Load Next Story