نوازشریف کیلئے کام کرنے سے صرف اللہ روک سکتا ہے نہال ہاشمی

نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید کی سزا کاٹنے کے بعد راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا


ویب ڈیسک February 28, 2018
نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید کی سزا کاٹنے کے بعد راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد کہا ہے کہ انہیں نوازشریف کیلئے کام کرنے سے صرف اللہ روک سکتا ہے کوئی بندہ نہیں۔

توہین عدالت کے جرم میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو ایک ماہ قید کی سزا کاٹنے کے بعد راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

نہال ہاشمی کے وکلا نے ان پر سپریم کورٹ کی جانب سے عائد کیا جانے والا 50 ہزار جرمانہ بھی جمع کرادیا۔ نہال ہاشمی کی اہلیہ سنٹرل جیل پہنچیں جب کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بھی بڑی تعداد ان کے استقبال کےلیے موجود تھی جنہوں نے نعرے بازی بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: نہال ہاشمی توہین عدالت پر 5 سال کیلئے نااہل، ایک ماہ قید

رہائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا کرپٹ ادارہ نیب ہے، مجھے انتقام کا نشانہ بنایا گیا یا انصاف کا بول بالا کیا گیا؟، میں نے کس کو برا بھلا کہا، کب چچا ماما رحمتے کا نام لیا۔

نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ آپ مجھے جیل بھیج سکتے ہیں، گولی مار سکتے ہیں، لیکن نوازشریف کی قیادت میں کام کرنے سے نہیں روک سکتے، مجھے نوازشریف کی قیادت میں کام کرنے سے صرف اللہ ہی روک سکتا ہے کوئی بندہ نہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے یکم فروری کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔