کراچی میں فائرنگ اور ٹریفک پولیس کی چوکی پر حملہ2افسروں سمیت5ہلاک

ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کو باقاعدہ ٹارگٹ کیا گیا ہے، ڈی آئی جی ٹریفک عبدالخالق شیخ


Staff Reporter April 02, 2013
کھارادر میں 25سالہ نوجوان کے سر پرگولی ماردی گئی ،بغدادی اورسکھن میں 2نو جوان مارے گئے،میانوالی کالونی میں خاتون زخمی فوٹو: فائل

شہرکے مختلف علاقوں میں نامعلوم افرادکی فائرنگ اور ٹریفک پولیس چوکی پر حملے میں 2 پولیس افسروں سمیت 5افراد ہلاک اور7 زخمی ہوگئے۔

کھارادر کے علاقے بانٹوا گلی میں محبت خان جی روڈ پرنامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کوہلاک کردیا ،پولیس کے مطابق مقتول کی عمرتقریباً 25 برس ہے اورملزمان نے مقتول کے سرپرگولی ماری جبکہ اس کے جسم پرتشدد کے نشانات بھی ہیں، فوری طور پرمقتول کی شناخت نہیں ہوسکی،پولیس نے لاش ایدھی سردخانے منتقل کردی۔ بغدادی کے علاقے شاہ عبداللطیف بھٹائی روڈ پرنامعلوم افرادکی فائرنگ سے 16سالہ جمیل ولد سعد اللہ ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول لی مارکیٹ کا رہائشی تھا اورچائے کے ہوٹل پرکام کرتا تھا۔

سکھن میں فائرنگ سے 22 سالہ احمد شاہ ولد جمال شاہ ہلاک ہوگیا،ایس ایچ اوسکھن سرفرازنے بتایاکہ مقتول احمد شاہ کو اس کے دوست نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا،مقتول اورملزم کے دمیان لین دین کا تنازع معلوم ہورہا ہے جبکہ دونوں کے جرائم میں ملوث ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اورنگی ٹاؤن 10 نمبر پرنامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے 45 سالہ ثمینہ زوجہ عبدالجبارکو زخمی کردیا۔کورنگی ڈھائی نمبر پرزمان ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر22 سالہ سلیمان ولد حنیف جبکہ غنی چورنگی سائٹ میں 30 سالہ محمد نادرولد ظہوراحمدکو زخمی کردیا۔

جوڑیا بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ بشیر ولد واجد زخمی ہوگیا۔ میانوالی کالونی میں نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے 35 سالہ حمیدہ دخترشمیم زخمی ہوگئی۔لاشیں اور زخمی عباسی شہید اور سول اسپتال پہنچائے گئے۔ لسبیلہ چوک پر ٹریفک پولیس چوکی پر فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ سیکشن افسر سمیت 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کی دھجیاں اڑتے ہوئے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان لسبیلہ چوک کے قریب واقع سولجر بازار ٹریفک سیکشن چوکی پر پہنچے ۔



جہاں 2 نے چوکی کے اندر اور دیگر 2 ملزمان نے ٹریفک چوکی کے باہر بیٹھے ہوئے پولیس افسران و اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 2 پولیس افسران سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ، حملہ آور انتہائی مصروف اور رش والی جگہ سے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے باآسانی فرار ہوگئے ، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی اور جناح اسپتال لے جایا گیا جہاں ریکارڈ کیپر (آر کے) اے ایس آئی شکیل اور وائر لیس آپریٹر ہیڈ کانسٹیبل فیروز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

جبکہ شدید زخمی ہونے والے سیکشن آفیسر (ایس او) سولجر بازار ٹریفک چوکی سب انسپکٹر ریاض اور منشی کانسٹیبل نوید کی ڈاکٹرز جان بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی ٹریفک عبدالخالق شیخ موقع پر پہنچ گئے، عبدالخالق شیخ نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کو باقاعدہ ٹارگٹ کیا گیا ہے ۔ ایس ایچ او سولجر بازار ارشاد سومرو نے بتایا کہ ملزمان پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے جبکہ جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 10 خالی خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر فارنسک لیبارٹری بھیجوا دیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں