فاٹا كے نوجوانوں نے خراب حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کیا گورنر خیبر پختونخوا

فاٹا كے كھلاڑیوں نے دنیا بھرمیں پاكستان كی نمائندگی كرتےہوئے ملک كا نام روشن كیا، گورنر خیبر پختون خوا


ویب ڈیسک February 28, 2018
فاٹا میں انقلابی تبدیلی لائی جارہی ہے جس سے فاٹا كے عوام براہ راست مستفید ہوسكیں گے، گورنر خیبر پختون خوا ۔ فوٹو : فائل

گورنر خیبرپختون خوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے كہا ہے كہ فاٹا كے نوجوانوں نے جس جوانمردی سے محدود وسائل اور ناگفتہ بہہ حالات كا مقابلہ كیا یہ دنیا كی تاریخ میں كہیں اور نہیں ملتا۔

اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختون خوا كے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختون خوا کا کہنا تھا کہ محدود وسائل اور ناگفتہ بہہ حالات كے باوجود فاٹا كے نوجوانوں نے جس جوانمردی سے ان سب كا مقابلہ كیا یہ دنیا كی تاریخ میں اور كہیں نہیں ملتا، ہمارے نوجوان صحت مندانہ سرگرمیوں میں جوش وخروش سے حصہ لے رہے ہیں جواس بات كا ثبوت ہے كہ ہمارے نوجوان كھیلوں كے ذریعے امن كا پیغام پوری دنیا كو دے رہے ہیں جب کہ فاٹا میں اسپورٹس ٹیلنٹ كی كمی نہیں بلكہ فاٹا كے كھلاڑیوں نے دنیا بھر میں پاكستان كی نمائندگی كرتے ہوئے اپنے ملک كا نام روشن كیا ہے۔ انہوں نے كہا كہ محدود وسائل كے اندر فاٹا میں انقلابی تبدیلی لائی جارہی ہے جس سے فاٹا كے عوام براہ راست مستفید ہوسكیں گے۔

اقبال ظفر جھگڑا نے كہا كہ فاٹا میں اسپورٹس كے شعبے كو بھی اہمیت دی جارہی ہے تاكہ فاٹا كے نوجوان تعلیم كے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں كی جانب راغب ہو سكیں اور وہ كھیلوں كے میدان میں بھی نمایاں كامیابیاں حاصل كرسكیں۔ انہوں نے كہا كہ ان كی ذاتی خواہش ہے كہ فاٹا اور خیبرپختون خوا كے نوجوانوں كا بہتر مستقبل بنانے میں ہر كوئی اپنا اہم كردار ادا كرسكے كیوں كہ یہی نوجوان ہمارے كل كا مستقبل ہیں۔

گورنرخیبرپختون خوا نے صوبے كے اندر اسپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن كے كردار كو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش كیا اور انہیں مكمل تعاون كا یقین بھی دلایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں