سندھ حکومت نے شفاف انتخابات کیلیے 5 کمیٹیاں تشکیل دیدیں

الیکشن رابطہ کمیٹی،سیکیورٹی وامن وامان کمیٹی، ضلعی، ڈویژنل کمیٹیاں شامل

الیکشن رابطہ کمیٹی،سیکیورٹی وامن وامان کمیٹی، ضلعی، ڈویژنل کمیٹیاں شامل فوٹو: فائل

لاہور:
حکومت سندھ نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے 5کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔

ان میں الیکشن رابطہ کمیٹی، سیکیورٹی اور امن وامان کمیٹی، ضلعی اور ڈویژنل کمیٹیاں شامل ہیں۔ حکومت سندھ کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق صوبائی الیکشن رابطہ کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ہونگے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو صوبائی سیکیورٹی اور امن وامان کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیاہے۔




کمیٹی میں آئی جی سندھ، وفاقی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں، الیکشن کمیشن، آرمی اور رینجرز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ ڈویژنل الیکشن رابطہ کمیٹی میں ڈویژنل کمشنر اس کا سربراہ، ریجنل الیکشن کمشنر، ڈی آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر، اسپیشل برانچ اور وفاقی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندے شامل ہوں گے۔ حکومت سندھ نے ضلعی الیکشن کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی ہیں۔

ضلعی ریٹرننگ آفیسر کے ماتحت ڈپٹی کمشنر، متعلقہ ایس ایس پی اور ضلعی الیکشن کمشنر کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ ضلعی الیکشن رابطہ کمیٹیوں میں،ڈپٹی کمشنر چیئرمین، ضلعی الیکشن کمشنر، ایس ایس پی، وفاقی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیز کے نمائندے، تمام صوبائی اور ضلعی محکموں کے سربراہان شامل ہوں گے۔
Load Next Story