بین اسٹوکس کی قسمت کا ستارہ پھر سے چمک اٹھا

آل راؤنڈ پرفارمنس سے شائقین کے دل جیت لیے، 2 وکٹیں لے کر ففٹی بنائی۔


AFP March 01, 2018
انگلینڈ کی دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے مات دیکر سیریز میں واپسی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بین اسٹوکس نے دوسرے ہی ون ڈے میں آل راؤنڈ پرفارمنس سے کیویز کو خاموش کردیا۔

نائٹ کلب کے باہر جھگڑے کے بعد ٹیم میں واپس لوٹنے والے بین اسٹوکس نے اپنے دوسرے ہی ون ڈے میں انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کیخلاف 6 وکٹ سے فتح دلادی، آل راؤنڈ کھیل پیش کرنے کی وجہ سے انھیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

224 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی انگلش ٹیم کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعے پر گری جب ٹرینٹ بولٹ نے جیس روئے کو صرف 8 رنز پر سینٹنر کے ہاتھوں کیچ کروایا، مجموعہ جب 47 ہوا تو جوئے روٹ صرف 9 رنز بناکر بولٹ کی دوسری وکٹ بن گئے۔ ان کا کیچ کولن ڈی گرینڈ ہوم نے تھاما۔

اوپننگ کرنے والے جونی بیئر اسٹو نے 39 بالز پر 37 رنز بنائے اور فرگوسن کی گیند پر متبادل کھلاڑی ٹوڈ ایسٹلے کا کیچ بن گئے، اس موقع پرکپتان مورگن اور اسٹوکس نے نے چوتھی وکٹ کیلیے 88 رنز کی شراکت سے مجموعے کو 174 تک پہنچایا، اس دوران مورگن نے گیارہ اننگز میں پہلی ففٹی 48 گیندوں پر مکمل کی مگر 62 رنز بناکر کولن منرو کو ریٹرن کیچ دے بیٹھے، صفر پر رن آؤٹ سے بچنے والے بین اسٹوکس نے پھر حریف سائیڈ کو کوئی موقع نہیں دیا، انھوں نے آخر میں جوز بٹلر کے ساتھ مل کر ٹیم کو 37.5 اوورز میں ہدف عبور کرادیا، وہ خود 63 اور بٹلر 36 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، بولٹ نے دو وکٹیں لیں۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم 49.4 اوورز میں 223 رنز پر آؤٹ ہوگئی، سینٹنر نے کیریئر کی پہلی ون ڈے ففٹی مکمل کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 63 رنز بنائے جبکہ گپٹل نے 50 کی اننگز کھیلی، اسٹوکس، ووئکس اورمعین نے دودو وکٹیں لیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔