نیب کسی سے انتقام پر یقین نہیں رکھتا چیئرمین نیب

بدعنوانی ایک کینسر ہے جس کو جڑ سے اکھاڑنا انتہائی ضروری ہے، جسٹس (ر) جاوید اقبال


Staff Reporter March 01, 2018
افسران بدعنوانی کے خاتمے کواپنی قومی ذمے داری سمجھتے ہیں، کراچی بیورو میں گفتگو۔ فوٹو : این این آئی

KARACHI: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کسی سے انتقام پر یقین نہیں رکھتا۔

نیب کراچی ریجنل بیورو کے دورے کے دوران نیب کراچی کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کراچی بیورو نیب کا انتہائی اہم ریجنل بیورو ہے جو بدعنوان عناصر کے خلاف قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی اور ان سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم کی برآمدگی کے لیے اپنی کوششیں کررہاہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہاکہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز کو قانون، میرٹ، شفافیت اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر10ماہ کے اندر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب نہ تو کسی سے انتقام پر یقین رکھتا ہے اور نہ ہی کسی سیاسی جماعت اور فرد سے اس کا تعلق ہے۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی ریاست پاکستان ، آئین پاکستان اور پاکستان کے عوام سے ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب افسران بلا امتیاز کسی دباؤ اور سفارش کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے فرائض پوری ایمانداری ، دیانت ، میرٹ ، شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انجام دیں۔ نیب کے جو افسران میرے کام کی رفتار کے ساتھ قدم ملا کر نہیں چل سکتے ، وہ اپنی رفتار بڑھائیں ، وگرنہ نیب میں ایسے افسران کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ اب صرف اور صرف کام ، کام اور کام ہو گا اور بلا تفریق احتساب ہوتا ہوا نظر آئے گا۔

قبل ازیں چیئرمین نیب نے نیب کراچی میں پودا لگایا اور نیب کراچی کی دوسری منزل کا افتتاح کیا۔ ڈی جی نیب کراچی الطاف باوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں