تھرکول پروجیکٹ جاری رکھاجائیگا نگراںوزیراعلیٰ سندھ

شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرینگے،زاہدقربان

نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی کابینہ کے ہمراہ مزارقائدپرحاضری،میڈیاسے گفتگو فوٹو: فائل

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہدقربان علوی نے کہاہے کہ سندھ میں بھی انتخابی عمل شروع ہوچکا ہے۔

الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریں گے، صوبے میں توانائی بحران پر قابو پانے اور توانائی کی کمی کو پورا کرنے کیلیے تھرکول اور ونڈمل ٹھٹھہ کے پروجیکٹ کو جاری رکھاجائیگا، بحران پر قابو پانے اور اخراجات میں کمی لانے کیلیے وزیراعلیٰ ہائوس سندھ سے ابتدا کردی گئی ہے، کراچی بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل کردیا گیاہے اور کچرا اٹھانے والی بڑی گاڑیوں کے ڈیزل کے لیے بھی رقم جاری کردی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو نومنتخب نگراں کابینہ کے ہمراہ مزارقائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں نگراں وزیراعلیٰ کی قیادت میں سندھ کابینہ کے ارکان سرداریاسین ملک، خالدلطیف، نورالہدیٰ شاہ، انیس ہارون، شکیب قریشی، نواب قلب حسین لاہوری، محمدشریف انصاری، سردارگھوٹو، محمودمانڈوی والا، رئیس غلام قاسم جسکانی، ڈاکٹر جنیدعلی شاہ، ڈاکٹراین کے لوہانی، عبدالقدیرچوہان، اقبال دائودپاک والا کے علاوہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیرمیاں زاہدحسین اور ہارون فاروقی نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔




 

کابینہ کے ارکان نے مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ میڈیا سے گفتگو میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی انتخابی عمل شروع ہوچکا ہے، شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کریںگے۔ انوھں نے کہاکہ صوبے میں امن وامان کی بہتری کا مسئلہ اولین ترجیح ہے۔ جسٹس(ر) زاہدقربان علوی نے کہاکہ صوبہ میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور توانائی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے تھرکول اور ونڈمل ٹھٹھہ کے پروجیکٹ جاری رکھے جائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ کراچی میں بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کی تنخواہوں کے مسئلے کو حل کردیا گیاہے اور کچرا اٹھانے والی بڑی گاڑیوں کے ڈیزل کے لیے بھی رقم جاری کردی گئی ہے۔ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے بھی رقم جاری کردی ہے اور بجلی کے بحران پر قابو پانے اور اخراجات میں کمی لانے کے لیے وزیراعلیٰ ہائوس سندھ میں تمام غیر ضروری ایئر کنڈیشنرز اور لائٹس بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سیکریٹریٹ اور حکومتی دفاتر کو بھی یہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
Load Next Story