جھگڑالو بین اسٹوکس پچھتاوے کی آگ میں جلنے لگے

بین اسٹوکس نے ایشزسیریز نہ کھیل پانے کا کرب ظاہر کردیا، اچھا بچہ بن کر رہنے کے خواہاں۔

بین اسٹوکس نے ایشزسیریز نہ کھیل پانے کا کرب ظاہر کردیا، اچھا بچہ بن کر رہنے کے خواہاں۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس پچھتاوے کی آگ میں جلنے لگے اور جھگڑے کی وجہ سے ایشزسیریز نہ کھیل پانے کا کرب ظاہر کردیا۔

انگلش اسٹار آل راؤنڈ بین اسٹوکس گذشتہ برس ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران برسٹول میں ایک نائٹ کلب کے باہر جھگڑے میں ملوث ہوئے جس کی وجہ سے انھیں پولیس نے اسی وقت حراست میں لیا تھا اگرچہ ان کی صبح کو رہائی ہوگئی مگر اس کیس کے سبب وہ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے تھے، واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر انگلینڈ نے انھیں ایشز سیریز سے بھی باہر کردیا تھا جس میں اسے 0-4 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔


بین اسٹوکس کی اب نیوزی لینڈ سے سیریز میں واپسی ہوئی ہے جس میں انھوں نے پہلے میچ میں دو وکٹیں لیں جبکہ دوسرے مقابلے میں دو وکٹیں لینے کے ساتھ ناقابل شکست 63 رنز بناکر اپنی ٹیم کو کامیابی سے بھی ہمکنار کیا تھا۔ اس مقابلے میں انھوں نے دو شاندار رن آؤٹ بھی کیے تھے۔ جہاں وہ اپنی ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے پر مسرور ہیں وہیں انھیں اس بات کا بھی پچھتاوا ہے کہ اپنی حرکتوں کی وجہ سے وہ ایشز نہیں کھیل پائے جس میں ان کی ٹیم کو شکست کا رسوائی برداشت کرنا پڑی۔

انگلش آل راؤنڈر کہتے ہیں کہ ٹی وی پر ایشز سیریز دیکھنا میرے لیے انتہائی مایوس کن تھا، اس وقت میں ہر قسم کے جذبات سے گزرا کہ اگر میں کھیل رہا ہوتا تو اپنی ٹیم کے کام آتا مگر اب میں سوائے افسوس کرنے کے اور کچھ نہیں کرسکتا، میں اس عرصے میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھتا رہا مگر اب میں اپنی توجہ صرف آنے والی کرکٹ پر ہی مرکوز کیے ہوئے ہوں۔

بین اسٹوکس کا مزید کہنا تھا کہ میں ہر بار ہی انگلینڈ کی کامیابی میں کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، جب بھی مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کا موقع ملتا ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ کسی کو بھی مایوس نہ کروں۔
Load Next Story